بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن کراچی نے انٹر پارٹ-ون میں داخلوں کے دوسرے مرحلے کا اعلان کر دیا جو 28 جولائی سے 8 اگست تک جاری رہے گا ۔ڈی جی کالجز سندھ ڈاکٹر نوید رب صدیقی کے مطابق کراچی میں میٹرک پری انجینئرنگ کے نتائج میں تاخیر کے باعث داخلوں کی مدت میں توسیع کی گئی ہے۔
ڈی جی کالجز سندھ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق تمام طالب عملوں بشمول وہ جنہوں نے پہلے مرحلے میں داخلہ فارم جمع کرایا تھا کو 8 اگست تک اپنا داخلہ لازمی طور پر کنفرم کرنا ہوگا ۔اگر کوئی طالب علم اپنا داخلہ کنفرم نہیں کرتا تو اسکی سیٹ کسی اور حقدار طالب علم کو دے دی جائے گی ۔
طلباء آن لائن بھی انٹر بورڈ کی ویب پورٹل کے ذریعے درخواست دے سکتے ہیں۔
درخواست دینے کے لئے بورڈ آف انٹر میڈیٹ ایجوکیشن کراچی کے آن لائن پورٹل
https://seccap.dgcs.gos.pk/
پر جائیں اور اپنے ای میل کے ذریعے رجسٹر ڈ ہوں ۔
رجسٹریشن کے بعد اپنا پروفائل درست معلومات سے اپڈیٹ کریں۔
“Enrollment” کے بٹن پر کلک کریں۔
اپنی میٹرک کی سند کے مطابق معلومات درج کریں۔
نیلے بیک گراونڈ والی پاسپورٹ سائز تصویر، میٹرک مارک شیٹ، اور کالج داخلہ رسید اپلوڈ کریں۔
اگر آپ کسی اور بورڈ سے ہیں تو BIEK سے اجازت نامہ (Permission Letter) اور مائیگریشن سرٹیفکیٹ اپلوڈ کریں۔
او لیول یا انٹرنیشنل طلبہ IBCC کا مساواتی سرٹیفکیٹ (Equivalency Certificate) اپلوڈ کریں۔
فارم جمع کرانے کے بعد انرولمنٹ فارم کی PDF فائل ڈاؤن لوڈ کریں اور پرنٹ نکالیں۔
پرنٹ شدہ فارم اپنے متعلقہ کالج میں جمع کرائیں۔
دوسرے مرحلے میں داخلہ فارم جمع کرانے والے طالب علم کو براہ راست ان کالجوں میں داخلہ دیا جائے گا جہاں سیٹیں دستیاب ہونگی ۔موجودہ میرٹ لسٹ میں کوئی تبدیلی نہیں ہو گی اور تمام نئے داخلے بھی اسی میرٹ لسٹ کے مطابق ہو نگے ۔
اعلامیے کے مطابق گیارہویں جماعت کی کلاسوں کا آغاز 5 اگست جبکہ بارہویں جماعت کی کلاسیں یکم اگست سے شروع ہو نگی ۔