Karachi
Current weather
Humidity-
Wind direction-

یکم اگست سے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کا امکان

Possibility of a decrease in prices of petrol and diesel

ملک میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل 4 بار اضافے کے بعد اب پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کا امکان ہے۔

تفصیلات کے مطابق یکم اگست سے آئندہ 15 روز کے لیے پیٹرول کے نرخ میں 9.07 روپے اور ڈیزل کی قیمت میں 3.73 روپے فی لیٹر کمی کا امکان ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق اس کی وجہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ اور ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر کی ایڈجسٹمنٹ بتائی جا رہی ہے۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ 15 دن میں عالمی تیل کی قیمتوں میں معمولی کمی آئی ہے، جب کہ خطے میں کشیدگی میں کمی کی وجہ سے پیٹرول کا درآمدی پریمیم تقریباً ایک تہائی کم ہو کر 9.70 ڈالر فی بیرل سے 6.75 ڈالر فی بیرل پر آگیا ہے۔

مزید پڑھیں:عدالت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا طریقہ کار طلب کر لیا

میڈیا رپورٹ کے مطابق پیٹرول کی قیمت 272.16 روپے سے کم ہوکر 263.08روپے فی لیٹر اور ڈیزل کی 283.35 روپے سےکم ہوکر 280.62 روپے فی لیٹر ہو جائے گی۔ تاہم مٹی کے تیل (کیروسین) کی قیمت 3.55 روپے اضافے کے ساتھ 181.33روپے سے بڑھ کر 184.88 روپے فی لیٹر ہو جائے گی۔

لائٹ ڈیزل کی قیمت 2.33 روپے اضافے کے ساتھ 167.76 روپے سے بڑھ کر 170.09روپے فی لیٹر ہو جائے گی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق پیٹرول عام طور پر نجی گاڑیوں، رکشوں، موٹرسائیکلوں اور چھوٹی کاروں میں استعمال ہوتا ہے، اس لیے اس کی قیمت میں تبدیلی کا براہ راست اثر درمیانے اور کم آمدنی والے طبقے پر پڑتا ہے۔

Share this news

Follow Times of Karachi on Google News and explore your favorite content more quickly!
Leave a Reply
Related Posts
Close Button