کراچی میں کہیں ہلکے اور کہیں گہرے بادلوں کا راج ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں دن بھر ٹھنڈی سمندری ہواوں کا سلسلہ جاری رہے گا اور آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مطلع ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں صبح اور رات میں بوندا باندی اور ہلکی بارش کا بھی امکان ہے۔ شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32 سے 34 ڈگری سینٹی گریڈ تک جاسکتا ہے، شہر کا موجودہ درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ ہے جبکہ آج صبح کم سے کم درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں:کراچی میں نیا مون سون سسٹم برسنے کا امکان
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں جنوب مغربی سمت سے 28 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں جن میں نمی کا تناسب 64 فیصد ہے۔ دوسری جانب اسلام آباد اور راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش ہوئی، سیدپور کے مقام پر 90 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بھی موسلا دھار بارش ہوئی ہے جس کے بعد ندی نالوں میں طغیانی ہے۔ پشاور، شمالی وزیرستان، صوابی اور مردان کے مختلف علاقوں میں بھی بارش ہوئی ہے جبکہ گجرات، شکر گڑھ میں بھی بادل برسے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج اسلام آباد، پنجاب،خیبر پختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان میں کہیں کہیں موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ آج بلوچستان کے بعض علاقوں میں بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے جبکہ سندھ کے ساحلی علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر ہلکی بارش یا بونداباندی ہوسکتی ہے۔