ادارہ شماریات کی جانب سے مہنگائی کی ہفتہ وار رپورٹ جاری کردی گئی ہے، جس کے مطابق ملک بھرمیں ہفتہ وار مہنگائی کی شرح میں 4.07 اضافہ ہو گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح 2.22 فیصد ہوگئی، 24 جولائی کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران 14 اشیاء مہنگی، 12 اشیاء سستی جبکہ 25 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا ہے۔
کونسی اشیاء مہنگی ہوئی؟
ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق گیس چارجز میں 590 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو کا اضافہ ہوا ہے، ایک ہفتے کے دوران ٹماٹر کی فی کلو قیمت میں 19 روپے اضافہ ہوا جبکہ انڈے 11 روپے سے زائد مہنگے ہوگئے، اس کے علاوہ لہسن 5 روپے 16 پیسے جبکہ گائے کا گوشت 5 روپے 4 پیسے فی کلو مہنگا ہوا۔ رپورٹ کے مطابق باسمتی چاول، دودھ، دہی، دال مسور، سیگریٹس اور انرجی سیورکی قیمتوں میں بھی معمولی اضافہ ہوا ہے۔
مزید پڑھیں:چینی سستی نہ ہونے پر حکومت کی شوگرملوں کیخلاف کریک ڈاؤن کی وارننگ
کن اشیاء کی قیمتوں میں کمی ہوئی؟
اعداد و شمار کے مطابق حالیہ ہفتہ میں جو اشیا سستی ہوئیں ہیں ان میں برائلر مرغی کی قیمت میں فی کلو 36 روپے 17 پیسے کمی ریکارڈ کی گئی۔ 20 کلو آٹے کا تھیلا 17 روپے 88 پیسے سستا ہوا جبکہ پیاز ایک روپے 76 پیسے اور آلو ایک روپے 56 پیسے فی کلو سستے ہوئے۔ دوسری جانب دال مونگ، دال چنا اور سرسوں کے تیل کی قیمتوں میں بھی کمی ڑیکاڈ کی گئی۔