دنیا بھر کے ممالک کے پاسپورٹس کی رینکنگ جاری کرنے والے ادارے ’ہینلے اینڈ پارٹنرز‘ نے تازہ رینکنگ جاری کردی ہے۔
پاکستان کا پاسپورٹ رینکنگ میں بہتری کے باوجود بدستور دنیا کے ’کمزور ترین‘ پاسپورٹس میں شامل ہے، جب کہ دیگر ایشیائی ممالک کے پاسپورٹس دنیا کے طاقتور ترین سفری دستاویزات کے طور پر اُبھر کر سامنے آئے ہیں۔
ہینلے پاسپورٹ انڈیکس 2025 کے مطابق پاکستان اس وقت صرف جنگ زدہ ممالک صومالیہ، یمن، عراق، شام اور افغانستان سے بہتر پوزیشن پر فہرست میں 96ویں نمبر پر ہے۔
ہینلے اینڈ پارٹنرز کی جاری کردہ رینکنگ کے مطابق سنگاپور مضبوط ترین پاسپورٹ رکھنے والا دنیا کا واحد ملک ہے جبکہ پاکستان چار درجے ترقی کے بعد اب پاکستانی شہریوں کو صرف 32 ممالک میں ہی ویزہ فری انٹری کی سہولت میسر ہوگی۔
سعودی عرب پانچ درجے ترقی کرنے کے بعد 59 ویں سے 54 ویں نمبر پر آگیا اور اس کا پاسپورٹ رکھنے والے افراد کو اب دنیا کے 89 ممالک کے بجائے 91 ممالک کا بغیر ویزہ سفر کرنے کی سہولت حاصل ہو گئی ہے۔
نئی رینکنگ میں انڈیا کی درجہ بندی میں بھی پانچ درجے بہتری آئی ہے، انڈیا 82 ویں سے 77 ویں نمبر پر آگیا ہے اور اب اس کے شہری 58 کے بجائے 59 ممالک میں ویزہ فری سفر کر سکیں گے۔
مزید پڑھیں:دنیا کے طاقتور ترین پاسپورٹ کا اعزاز آئر لینڈ کے نام، پاکستان کا نمبر کونسا ہے؟
’ہینلے اینڈ پارٹنرز‘ کی رینکنگ میں دوسرا نمبر مشترکہ طور پر جاپان اور جنوبی کوریا کا ہے۔ دونوں ممالک کے پاسپورٹ رکھنے والے شہری دنیا کے 190 ممالک میں ویزے کے بغیر سفر کر سکتے ہیں۔ ڈنمارک، فن لینڈ، فرانس، جرمنی، آئرلینڈ، اٹلی اور سپین تیسرے نمبر پر ہیں اور ان ممالک کا پاسپورٹ رکھنے والے افراد کو پیشگی ویزہ کے بغیر 189 ممالک تک رسائی حاصل ہو سکتی ہے۔
روس اور ترکیہ نے تین درجے ترقی کے ساتھ 49 ویں سے 46 واں نمبر حاصل کر لیا ہے. چین 64 ویں سے 60 ویں پر آگیا ہے جبکہ متحدہ عرب امارات کا آٹھواں نمبر پر ہے۔ رینکنگ کے مطابق امریکہ اور برطانیہ کی عالمی پاسپورٹ رینکنگ میں ایک، ایک درجہ تنزلی کے بعد برطانیہ کا چھٹا اور امریکہ 10 ویں نمبر پر ہے۔
پاسپورٹس کی رینکنگ کیسے کی جاتی ہے؟
ہینلے پاسپورٹ انڈیکس دنیا کے 199 پاسپورٹس کa 227 سفری مقامات پر ویزا فری رسائی کے لحاظ سے موازنہ کرتا ہے اور دنیا کے تمام پاسپورٹس کو اس بنیاد پر درجہ دیتا ہے کہ ان کے حامل افراد کتنے ممالک میں بغیر پیشگی ویزا کے داخل ہو سکتے ہیں۔
اگر کسی ملک میں داخلے کے لیے ویزا درکار نہ ہو، تو اس پاسپورٹ کو ایک پوائنٹ دیا جاتا ہے، اسی طرح، اگر کسی ملک میں ویزا آن ارائیول (وی او اے)، وزیٹر پرمٹ یا الیکٹرانک ٹریول اتھارٹی (ای ٹی اے) سے داخلہ ممکن ہو تب بھی اسے ایک کا اسکور ملتا ہے۔
لیکن جہاں ویزا لازمی ہو یا اگر سفر سے قبل ای ویزا یا حکومت کی منظوری کے بغیر داخلہ ممکن نہ ہو، تو اس صورت میں اس پاسپورٹ کو 0 اسکور دیا جاتا ہے۔ ہر پاسپورٹ کو کُل اسکور اس بنیاد پر دیا جاتا ہے کہ وہ کتنے ممالک میں بغیر پیشگی ویزا کے داخل ہو سکتا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل رواں برس جون میں جاری ہونے والی درجہ بندی میں پاکستان کا 100 واں نمبر تھا اور اس کے پاسپورٹ کے حامل شہری 32 ممالک میں ویزہ فری اینٹری حاصل کر سکتے تھے۔