امریکا کے ایک اسپتال میں افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے، جہاں ایک 61 سالہ شخص ایم آر آئی مشین میں کھنچ جانے کے باعث جان کی بازی ہار گیا۔
برطانوی نشریاتی ادارے ( بی بی سی ) کی رپورٹ کے مطابق افسوسناک واقعہ نیویارک بدھ کی دوپہر نیویارک کے ایک طبی مرکز (ویسٹبری میں واقع “نساؤ اوپن ایم آر آئی”) میں پیش آیا، جہاں 61 سالہ شخص بغیر اجازت ایم آر آئی روم میں داخل ہوگیا، اس روم میں ایم آر آئی مشین چل رہی تھی، اچانک وہ شخص ایم آر آئی مشین کی جانب کھنچتا چلاگیا جس کے باعث اسے شدید جسمانی چوٹیں آئیں
بی بی سی کے مطابق متاثرہ شخص کیتھ کیلسٹر کی اہلیہ ایڈرین کیلسٹر نے میڈیا سے گفتگو کے دوران بتایا کہ’ میں سینٹر گھٹنے کا ایم آر آئی اسکین کروانےگئی تھی، اسکین کے بعد میں نے اپنے شوہر سے مشین سے اٹھنے کیلئے مدد مانگی تھی، جس کیلئے میرے شوہر ایم آر آئی روم آئے تھے کہ عین اسی وقت ان کی چین کے سبب وہ مشین میں کھنچتے چلے گئے۔
مزید پڑھیں:چین کے بعد امریکا میں بھی برڈ فلو سے پہلی موت کی تصدیق ہوگئی
خاتون نے بتایا کہ ایم آر آئی روم میں موجود ٹیکنیشن نے میرے شوہر کو مشین سے دور کرنے کی کوشش کی لیکن ناکام رہا، واقعے سے متعلق حکام کا کہنا ہے کہ افسوسناک واقعے میں متعلقہ شخص کو شدید چوٹیں آئیں، اور حالت تشویشناک ہونے پر اسے فوری طور پر مقامی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ اگلے دن، گزشتہ روز زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا، پولیس کے مطابق واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔
ایم آر آئی مشین میں جاتے وقت کن باتوں کا خیال رکھا جائے؟
ایم آر آئی مشین ایک انتہائی طاقتور مقناطیسی کشش پیدا کرتی ہے، جو جسم کے اندر کی تصاویر بنانے کے لیے استعمال ہوتی ہے۔ جب یہ شخص دھاتی چین کے ساتھ مشین کے قریب گیا تو زبردست کشش کی وجہ سے وہ اچانک مشین کی طرف کھنچتا چلا گیا۔
اس سلسلے میں امریکی فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے) نے عوام الناس کیلیے ہدایات جاری کی ہیں جس میں کہا ہے کہ یاد رکھیں !! ایم آر آئی مشین کی مقناطیسی طاقت کی وجہ سے کسی بھی قسم کی دھات کو اس کے پاس لے کر جانا خطرناک ہوتا ہے لہٰذا لازمی احتیاط کریں۔
رپورٹ کے مطابق ایم آر آئی مشین میں جانے سے پہلے مریضوں کو عموماً مخصوص لباس پہننے کو کہا جاتا ہے اور ان سے یہ بھی پوچھا جاتا ہے کہ آیا ان کے جسم میں کوئی دھاتی پیس، ایمپلانٹ یا زیور تو نہیں۔