میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب اور ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد نے آج ملیر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے دنبہ گوٹھ اور ہاشم گبول گوٹھ میں جدید سولر پمپنگ اسٹیشنز اور واٹر سپلائی اسکیمز کا افتتاح کیا۔
ان منصوبوں کے ذریعے چالیس سے زائد گوٹھوں اور پچاس ہزار سے زائد افراد کو پینے کے صاف پانی کی سہولت فراہم کی جائے گی، جس سے علاقہ مکینوں کی کئی دہائیوں پر محیط مشکلات کا خاتمہ ممکن ہوگا۔
افتتاح کے موقع پر میئر کراچی کو ایک تفصیلی بریفنگ دی گئی، جس میں بتایا گیا کہ دنبہ گوٹھ کا پمپنگ اسٹیشن سات قریبی گوٹھوں کو پانی فراہم کر رہا ہے، جب کہ ہاشم گبول گوٹھ میں لگایا گیا نیا سولر سسٹم 24 دیہات کے 15 ہزار افراد کو فائدہ پہنچا رہا ہے۔
میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے مقامی صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ہم صرف مسائل پر بات نہیں کر رہے، ہم اُن کا حل دے رہے ہیں۔ جہاں بجلی موجود نہیں، وہاں سولر توانائی کے ذریعے پائیدار فراہمی ممکن بنائی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بجلی کی عدم دستیابی اور لوڈشیڈنگ کے باعث دیہی علاقوں میں پانی کی فراہمی میں رکاوٹ تھی، جسے سولر پمپنگ اسٹیشنز کے ذریعے دور کر دیا گیا ہے۔
مرتضیٰ وہاب نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی بلا تفریق عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے۔شہر کی تمام 246 یونین کونسلز کے لیے ترقیاتی فنڈز مختص کیے جا چکے ہیں۔ہریوسی میں ترقیاتی کام جاری ہے،حب کینال منصوبے کا افتتاح 14 اگست کو متوقع ہے۔
میئر کراچی نے کہا کہ بجلی کی بڑھتی قیمتوں نے عام شہری کی زندگی مشکل بنا دی ہے، جس کا حل صرف سولر توانائی ہے۔ پیپلز پارٹی کی حکومت دیہی علاقوں میں گھریلو ضروریات کے لیے سولر پلیٹس کی فراہمی پر کام کر رہی ہے تاکہ عام شہری روشنی اور پنکھے جیسی بنیادی سہولیات حاصل کر سکے۔