کراچی میں مون سون کے تیسرے اسپیل کی انٹری 18 جولائی کو ہوگی۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر قائد میں کل سے مون سون کا تیسرا اسپیل شروع ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ مون سون کے تیسرے اسپیل کے زیر اثر کراچی میں ہلکی سے درمیانی شدت کی بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج بھی مطلع ابر آلود جب کہ موسم مرطوب رہے گا، رات کے اوقات میں بوندا باندی ہونے کا امکان ہے، آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کا مزید کہنا ہے کہ ہوا میں نمی کا تناسب 69 فی صد ہے، جنوب مغربی سمت سے ہوائیں 11 کلو میٹر فی گھنٹے کی رفتار سے چل رہی ہیں۔
مزید پڑھیں:کراچی میں مطلع جزوی ابر آلود، محکمہ موسمیات نے بارش کی پیشگوئی کردی
دوسری جانب سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور شدید حبس رہنے کاامکان ہے۔ تاہم عمر کوٹ، تھر پارکر، مٹھی، سانگھڑ، گھوٹکی، دادو، حیدر آباد اور گردونواح میں مطلع جز وی ابر آلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔
واضح رہے کہ راولپنڈی میں موسمیاتی حالات کے پیش نظر ضلع راولپنڈی میں ایک دن کی چھٹی کا اعلان کر دیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر حسن وقار چیمہ نے ایک یوم کی چھٹی کا نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ گھروں میں رہیں اور غیر ضروری باہر نہ نکلیں۔