وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وائرل ہونے والے ’چائے والا‘ ارشد کے بعد اب ’کپڑے والا‘ بھی سامنے آگیا ہے۔
گلگت بلتستان کے سیاحتی شہر اسکردو میں کپڑے کی دکان چلانے والے لڑکے کی ویڈیو وائرل ہوگئی، جسے صارفین نے ’چائے والا‘ سے بھی زیادہ خوبصورت قرار دے دیا۔ اسکردو کے ’کپڑے والا‘ کی ویڈیو مقامی خاتون صحافی نے شیئر کی، جس کے بعد ان کی ویڈیو وائرل ہوگئی اور متعدد شوبز سوشل میڈیا پیجز کی جانب سے بھی اسے شیئر کیا گیا۔
نیلی آنکھوں والے ’کپڑے والا‘ نے بتایا کہ ان کے آباوٌ و اجداد تقریبا 45 سال سے اسکردو میں کپڑے کی دکان چلا رہے ہیں لیکن ان کا آبائی تعلق اسکردو سے نہیں۔ خوبصورت چہرے کے مالک نیلی آنکھوں والے لڑکے نے بتایا کہ ان کا آبائی تعلق خیبرپختونخوا (کے پی) کے علاقے مردان سے ہے۔
View this post on Instagram
مزید پڑھیں:ارشد چائے والا کی پاکستانی شہریت پر سوال اٹھ گئے، شناختی کارڈ بلاک
ان کا کہنا تھا کہ وہ گزشتہ 6 سے 7 سال سے اسکردو میں والدین کی بنائی کپڑے کی دکان چلا رہے ہیں اور متعدد افراد نے ان کی آنکھوں اور خوبصورتی کی تعریفیں کی ہیں۔ ’کپڑے والے‘ نوجوان کا کہنا تھا کہ انہیں ماڈلنگ وغیرہ کا کوئی شوق نہیں، وہ کپڑے کی دکان چلانے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔
نیلی آنکھوں والے نوجوان کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے بھی ان کی خوبصورتی کی تعریفیں کیں اور ساتھ ہی فرمائش بھی کی کہ مذکورہ لڑکے کی انسٹاگرام آئی ڈی کا لنک بھی دیا جانا چاہیے تھا۔
واضح رہے کہ مذکورہ ’کپڑے والے‘ سے قبل 2016 میں اسلام آباد میں چائے بنانے والے مردان سے ہی تعلق رکھنے والے لڑکے کی ویڈیوز اور تصاویر وائرل ہوئی تھیں، جس کے بعد وہ اسٹار بن گیا تھا۔ بعد ازاں ارشد چائے والا نے ابتدائی طور پر ماڈلنگ اور پھر بیرون ممالک میں بھی ’ارشد چائے والا‘ کے نام سے چائے کے ہوٹل کھولے تھے۔ رواں برس انکشاف ہوا تھا کہ ’ارشد چائے والا‘ کا تعلق افغانستان سے ہے اور ان کا کیس عدالتوں میں زیر سماعت ہے۔