کراچی میں مون سون کے دوران گیسٹرو اور پیٹ کے مختلف امراض میں اضافہ ہوگیا ہے۔
جنگ نیوز کے مطابق جناح اسپتال میں پیٹ کے امراض میں مبتلا یومیہ 80 مریض آرہے ہیں اور سول اسپتال میں گیسٹرو کے 100 سے زائد کیس رپورٹ ہو رہے ہیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق ایمرجنسی انچارج جناح اسپتال ڈاکٹر عرفان نے بتایا کہ گیسٹرو کے کیسز میں 20 سے 30 فیصد اضافہ ہوا، پیٹ کے امراض کی وجہ جگہ جگہ گندا پانی اور مکھیوں کی بھرمار ہے۔
ڈاکٹر عرفان نے شہریوں کو ہدایت کی کہ شہری باہر کے کھانوں سے اجتناب کریں، کھانے پینے کی اشیاء کو ڈھانپ کر رکھیں اور پانی ابال کر استعمال کریں۔
مزید پڑھیں:کراچی میں بارش کے بعد ڈینگی کے کیسز میں اضافہ
واضح رہے کہ کراچی میں فالج کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق سول اسپتال کراچی کے ایمرجنسی انچارج ڈاکٹر عمران سرور نے کہا کہ فالج اب صرف عمر رسیدہ افراد تک محدود نہیں رہا بلکہ نوجوان بھی اس کا شکار ہو رہے ہیں جنہیں اکثر بلڈ پریشر یا ذیابیطیس جیسے امراض کا علم ہی نہیں ہوتا یا پھر وہ ادویات میں بے احتیاطی کرتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ چار ماہ قبل دماغ کی شریان پھٹنے کے کیسز روزانہ رپورٹ نہیں ہوتے تھے لیکن اب روزانہ کی بنیاد پر برین ہیمرج کے مریض آرہے ہیں،اگر جسم کی ایک جانب کمزوری،بولنے میں وقت یا زبان میں لڑکھڑانے کی علامات ظاہر ہوں تو یہ فالج کی ابتدائی علامات کی نشاندہی ہوسکتی ہے۔