کراچی کے ایک فلیٹ میں مردہ پائی جانے والے اداکارہ اور ماڈل حمیرا اصغر کی میت لاہور پہنچا دی گئی ہے، جہاں آج (جمعے کی) شام ان کی تدفین کردی جائے گی۔
اداکارہ کے بھائی نوید اصغر نے نجی ٹی وی چینل سے گفتگو میں بتایا کہ اس وقت میت مردہ خانے میں رکھی گئی ہے، جہاں سے اسے جناز گاہ لے جایا جائے گا، نماز جنازہ پانچ بجے کے بعد ادا کی جائے گی، جس کے فوراً بعد ماڈل ٹاؤن قبرستان میں تدفین کر دی جائے گی۔
مزید پڑھیں:زیادتی کا پتہ لگانا مشکل ہے: حمیرا اصغر کی ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ
مرحومہ کے بھائی نے بتایا کہ میت کو گھر نہیں لایا جائے گا۔ دوسری طرف حمیرا اصغر کے گھر پر افسوس کرنے والوں کی آمد کا سلسلہ جمعے کی صبح سے جاری ہے۔
یاد رہے کہ حمیرا اصغر کی میت کو جمعرات کی رات کراچی میں چھیپا فاؤنڈیشن کے مردہ خانے سے ان کے رشتہ داروں کے حوالے کیا گیا تھا۔ حمیرا اصغر کے بھائی نوید اصغر اور دوسرے رشتے دار میت کو ایمبولنس میں ڈال کر بذریعہ سڑک لاہور روانہ ہوئے تھے۔
واضح رہے کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق اداکارہ کی لاش 8 سے 10 ماہ پرانی نکلی، اداکارہ کے جسم کی کوئی ہڈی ٹوٹی ہوئی نہیں پائی گئی ہے۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق اداکارہ کے بال اور شرٹ کے ٹکڑے کیمیائی معائنے کے لیے بھیجے گئے ہیں جبکہ نچلے حصے کا گوشت مکمل طور پر ختم ہوچکا تھا۔