معروف پاکستانی ڈرامہ اور فلم ڈائریکٹر مہرین جبار نے پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری میں ادائیگیوں کے مسائل کا انکشاف کردیا ہے۔
مہرین جبار نے حال ہی میں ایک یوٹیوب چینل کو دیے گئے انٹرویو میں ڈرامہ انڈسٹری میں پیش آنے والے ادائیگیوں کے مسائل پر روشنی ڈالی۔ مہرین جبار جنہوں نے دام، ایک جھوٹی لو اسٹوری، جیکسن ہائٹس اور دوراہا جیسے کامیاب ڈرامے ڈائریکٹ کیے ہیں، ان دنوں ایک نئے ڈرامے پر کام کر رہی ہیں جس میں عدیل حسین، شجاع اسد اور حاجرا یامین شامل ہیں۔
مزید پڑھیں:کراچی سمیت سندھ میں اداکار بچوں کے لیے دو نئے قوانین متعارف
انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ اگرچہ پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری نے کافی ترقی کی ہے، تاہم پیشہ ورانہ رویوں کی کمی اب بھی ایک بڑا مسئلہ ہے، خاص طور پر ادائیگیوں کے معاملے میں جو کہ سب سے اہم مسئلہ ہے۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ پاکستان میں بیشتر پروڈکشن ہاؤسز وقت پر ادائیگیاں نہیں کرتے، اور فنکاروں، ہدایتکاروں حتیٰ کہ اسپاٹ بوائز کو بھی بار بار اپنی تنخواہ کا تقاضا کرنا پڑتا ہے، جیسے کہ وہ کسی سے خیرات مانگ رہے ہوں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ تکنیکی عملے کی تنخواہیں نہایت کم ہیں اور پروڈکشنز اخراجات کم رکھنے کے لیے اسی حکمتِ عملی پر چلتی ہیں۔ مہرین جبار نے کہا کہ یہ صورتحال بہت پریشان کن ہے اور اسے بدلنا نہایت ضروری ہے کیونکہ اب مہنگائی کا دور ہے جس میں ہر شخص کیلئے اخراجات پورے کرنا مشکل ہے۔