جرمنی میں افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے، شدید گرمی میں جھیل میں نہانے کیلیے اترنے والا پاکستانی طالب علم ڈوب کر جاں بحق ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق جرمنی کے شہر فرینکفرٹ میں پاکستانی طالب علم جھیل میں ڈوب کر جاں بحق ہوگیا، پاکستان کے شہر گوجرانوالہ سے تعلق رکھنے والا مومن عثمان مقامی یونیورسٹی میں زیرتعلیم تھا۔ مومن عثمان دوستوں کے ہمراہ جھیل میں نہانے گیا تھا۔
مومن عثمان کی اچانک موت نے ان کے خاندان اور پاکستانی برادری کو غم زدہ کر دیا، پاکستانی قونصل جنرل نے میت پاکستان بھجوانے کے لیے مقامی انتظامیہ سے رابطہ کرلیا ہے۔
مزید پڑھیں:پاکستانی پاسپورٹ کی عالمی رینکنگ میں بہتری
میڈیا رپورٹ کے مطابق مومن عثمان جرمنی میں ٹیکنیکل یونیورسٹی ڈارمشٹاڈ میں ماسٹرز کی ڈگری کے لیے پڑھائی کررہا تھا۔ مومن دوست کے ہمراہ گرمی کی شدت کو دورکرنے کی غرض سے قریبی جھیل میں نہانے کے لیے گیا۔ جہاں اچانک نہاتے ہوئے دوسرے دوست کی نظروں سے اوجھل ہوا تو دوست کو تشویش ہوئی، موقع پر موجود افراد نے عثمان کو تلاش کرنے کی کوشش کی لیکن کچھ نہ ملا۔
پولیس نے ریسکیو آپریشن شروع کیا غوطہ خوروں نے عثمان کی نعش کو جھیل سے نکال کر اسپتال منتقل کیا، پاکستانی قونصل جنرل شفاعت کلیم خٹک نے مقامی انتظامیہ سے رابطہ کرکے مطالبہ کیا کہ میت کو جلد از جلد ضابطے کی کارروائی مکمل کرکے پاکستان بھیجنے کا بندوبست کیا جائے۔