Karachi
Current weather
Humidity-
Wind direction-

امریکہ آنا اور یہاں رہنا ایک اعزاز ہے ، حق نہیں ، امریکہ

امریکہ آنا اور یہاں رہنا ایک اعزاز ہے ،حق نہیں ۔ اگر آپ دہشت گردی کی حمایت کرتے ہیں، تشدد کی ترغیب دیتے ہیں یا کسی ایسی سرگرمی میں شریک ہوتے ہیں تو آپ امریکا میں رہنے کے اہل نہیں رہیں گے۔

امریکا میں داخلے کے خواہشمند افراد، گرین کارڈ ہولڈرز اور ویزا رکھنے والوں کے لیے امریکی امیگریشن محکمے نے وارننگ جاری کردی ۔ وائٹ ہاؤس کے مطابق ملک میں غیرقانونی طور پر رہنے والا ہر شخص مجرم ہے۔

لیکن کارروائی صرف غیرقانونی تارکین وطن تک محدود نہیں رہے گی ، بلکہ ایسے افراد بھی زد میں آ ئیں گے جن کے پاس درست ویزے یا گرین کارڈز ہیں۔

محکمۂ ہوم لینڈ سیکیورٹی کے اعداد و شمار کے مطابق یکم جنوری 2024ء تک 1.28 کروڑ افراد امریکا میں قانونی مستقل رہائشی تھے، یو ایس سی آئی ایس کا کہنا ہے کہ اگر کوئی قانونی رہائشی امریکی اقدار یا قوانین کی خلاف ورزی کرتا ہے جیسے کہ تشدد، دہشت گردی یا نفرت انگیز سرگرمیوں میں ملوث ہو تو اس کا گرین کارڈ یا ویزا منسوخ کیا جا سکتا ہے۔

ٹرمپ حکومت نے یونیورسٹیوں میں حماس کی حمایت کے الزام میں غیر ملکی طلباء کے ویزے منسوخ کرنے کا عمل بھی تیز کر دیا ہے۔ اس میں کیمپس مظاہروں میں شرکت اور فلائرز کی تقسیم جیسے اقدامات شامل ہیں۔

اس سےقبل ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے گرین کارڈ کی درخواستوں میں تبدیلی کرتے ہوئے ہر مستقل رہائش کی درخواست کے ساتھ نیا میڈیکل معائنہ فارم لازمی قرار دیا تھا ۔ امریکی شہریت اور امیگریشن سروسز کے نوٹیفکیشن کے مطابق فارم I-693 جو کسی سول سرجن کی جانب سے یکم نومبر 2023 یا اس کے بعد دستخط شدہ ہو، صرف اسی وقت تک قابل قبول ہے جب تک وہ درخواست، جس کے ساتھ یہ فارم جمع کیا گیا ہے، زیر التوا ہے۔ اگر وہ درخواست واپس لے لی جائے یا مسترد ہو جائے تو وہ فارم مزید قابل قبول نہیں ہوگا۔

دوسری جانب  امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے غیر ملکی طلباء کے لیے محدود مدت کے ویزے جاری کرنے کی تجویز دے دی۔ تجویز کے مطابق ویزہ مدت ختم ہونے کے بعد طلباء امریکا میں مزید قیام نہیں کر سکیں گے۔

حالیہ قوانین کے تحت F-1 ویزا رکھنے والے بین الاقوامی طلباء اورJ-1 کلچرل ایکسچینج ویزا رکھنے والے غیر ملکی طلباء و میڈیا نمائندوں کو ان کی تعلیم اور ٹریننگ سیشن مکمل ہونے تک امریکا میں رہنے کی اجازت ہوتی ہے۔ تجویز کی منظوری کےبعد امریکا میں مزید قیام کے لیے طلباء کو درخواست دے کر ویزے کی مدت میں توسیع کروانی پڑے گی۔

Share this news
The views expressed in this article are those of the author and do not necessarily represent the editorial stance of Times of Karachi.
ٹائمز آف کراچی کی ادارتی پالیسی کا اس تحریر کے مندرجات سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔
Share this news

Follow Times of Karachi on Google News and explore your favorite content more quickly!
Leave a Reply
Related Posts
Close Button