میئرکراچی مرتضٰی وہاب نے بلدیہ عظمیٰ کے زیرانتظام کراچی شہر کے 32 اہم مقامات پر پارکنگ بالکل مفت کردی ہے۔ مفت پارکنگ کے فیصلے کا اطلاق آج یکم جولائی بروز منگل سے ہوگیا ہے۔
ضلع شرقی
کے ایم سی کے جاری کردہ اعلامئے کے مطابق ضلع شرقی میں راشدمنہاس روڈ پر الغفور موبائل مال سے فردوس شاپنگ مال پر پارکنگ فری ہے۔ علامہ شبیراحمد عثمانی روڈ پر گلشن فلائی اوور سے ڈسکو بیکری سے پارکنگ کی ادائیگی نہیں کرنی ہوگی۔
اسی طرح راشدمنہاس روڈ پر چیس ویلیو سینٹر کے سروس روڈ، سرشاہ سلیمان روڈ پر مشرق سینٹر سے کریم پلازہ اور این آئی بی ڈی اسپتال سے یونائیٹڈ بیکری تک پارکنگ مفت ہے۔
کارساز فلائی اوور سے شاہراہ قائدین فلائی اوور تک شارع فیصل کا سروس روڈ، شہید ملت روڈ پر الخلیج ٹاور اور ہارڈیز سے چیز اپ جیل چورنگی تک سروس روڈ، سوک سینٹر کے گیٹ سے ڈیم ایم سی ایسٹ کے آفس تک بھی اب پارکنگ کی فیس وصول نہیں کی جائے گی۔
مزید پڑھیں:آئی آئی چندریگر روڈ پر شاہین کمپلیکس تا ٹاور پارکنگ ممنوع قرار
گلشن اقبال امتیاز مال کا سروس، ابوالحسن اصفہانی روڈ پر گلشن ویو موبائل مارکیٹ، شبیراحمدعثمانی روڈ پر ریڈ ایپل سے مسکن چورنگی، یونیورسٹی روڈ پر روفی شاپنگ مال، صفورہ پر چیس پلس مال اور جیل روڈ پر عثمانیہ اسپتال کے سامنے پارکنگ مفت کردی گئی۔
ضلع وسطی
ضلع وسطی میں 5 مقامات کو پارکنگ فیس سے مستثنیٰ کیا گیا ہے جس میں سرینہ موبائل مارکیٹ اور ہارون شاپنگ مال، لیاقت آباد سپرمارکیٹ سے لیاقت آباد 10 نمبر تک ایس ایم توفیق روڈ، شاہراہ پاکستان ایف بی ایریا میں چیس سپراسٹور، راشدمنہاس روڈ پر سینٹرم شاپنگ مال اور نارتھ کراچی میں کفایہ شاپنگ مال پر پارکنگ فری کردی گئی ہے۔
ضلع جنوبی
ضلع جنوبی میں ایم اے جناح روڈ پر جیلانی سینٹرموبائل مارکیٹ کے سامنے، ناز پلازہ سے اما ٹاور کے سامنے پارکنگ کی ادائیگی نہیں کرنی۔ اسی طرح ایم اے جناح روڈ پر کوثر میڈیکل سے سوک سگنل، لائٹ ہاؤس سگنل سے سرائی روڈ موڑ اور میمن مسجد سے ٹاور تک پارکنگ مفت کردی گئی۔
ضلع کورنگی/ملیر
ضلع کورنگی اور ضلع ملیر میں مین نیشنل ہائی وے پر رضاموبائل مارکیٹ سے نادرا آفس، کورنگی کراسنگ پر امن ٹاور کے سامنے، قائدآباد وکیل شاپنگ سینٹر کے سامنے، رفیق موبائل مارکیٹ، آر آر موبائل مارکیٹ اور کوئٹہ نمکین ہوٹل چمن پلازہ پر پارکنگ مفت کردی گئی ہے۔
اسی طرح کورنگی نمبر 4 کی موبائل مارکیٹ، کورنگی نمبر ساڑھے 3 کے ماڈل پارک، مین کورنگی روڈ پر سندھ گورنمنٹ اسپتال کے سامنے اور شان چورنگی پر چیس ویلیو مال کے سامنے شہری فری میں گاڑیاں پارک کرسکتے ہیں۔
ضلع کیماڑی/غربی
ضلع کیماڑی اور غربی میں ایم اے جناح روڈ پر کے پی ٹی گیٹ نمبر ایک پر اور حب ریور روڈ پر شارجہ شاپنگ مال سے کوہ نور میرج ہال تک پارکنگ مفت کردی گئی ہے۔
کونسے مقامات پر پارکنگ فیس برقرار؟
کے ایم سی کے اعلامئے کے مطابق گلشن اقبال میں سند باد، اے او کلینک ناظم آباد کے پارکنگ لاٹ، حیدری مارکیٹ کی پارکنگ لاٹ اور حیدری پر موٹرسائیکل کے اتوار بازار میں پارکنگ فیس معمول کے مطابق لی جائے گی۔
ناظم آباد ڈرائیونگ اسکول کی پارکنگ لاٹ، کلفٹن سینٹر، ساسی آرکیڈ کلفٹن، پیراڈائز سینٹر کلفٹن، ضیاء الدین روڈ پر پولو گراؤنڈ، کرسٹل کورٹ کلفٹن، بیچ ویو پارک کلفٹن کا پارکنگ ایریا اور ہائپراسٹار کلفٹن پر بھی پارکنگ فیس بدستور برقرار رہے گی۔
پارکنگ فیس وصولی کی شکایت کہاں کریں؟
کے ایم سی کے اعلامئے کے مطابق شہر پارکنگ فری مقامات سے فیس وصول کی صورت میں کے ایم سی کے ہیلپ لائن نمبر 1339 اورای میل ایڈریسmayor@kmc.gos.pk پر شکایات درج کراسکتے ہیں۔