کراچی میں آج موسم مرطوب اور مطلع ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں صبح اور رات میں کہیں کہیں بوندا باندی کا بھی امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ کراچی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 سے 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے، شہر میں سمندری ہوائیں 11 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں اور ہوا میں نمی کا تناسب 61 فیصد ہے۔
محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ کراچی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کم سے کم درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مر طوب رہے گا۔
مزید پڑھیں:کراچی میں3 روز کے دوران کتنی بارش ہوئی؟
پنجاب بھر میں آئندہ پانچ روز تک موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور سمیت صوبے بھر میں پری مون سون بارشوں کا سسٹم ایک بار پھر داخل ہو گیا ہے، جس کے باعث کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔
اس سسٹم کے زیر اثر آئندہ 4 سے 5 روز تک مزید بارشیں اور تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے جب کہ لاہور شہر میں آج شدید حبس کے ساتھ ساتھ بارش کی پیش گوئی بھی کی گئی ہے۔
موسمیاتی ماہرین کے مطابق لاہور میں درجہ حرارت کم سے کم 26 اور زیادہ سے زیادہ 32 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے، جس کے باعث موسم مرطوب اور غیر آرام دہ رہے گا۔