کراچی کے علاقے فیروز آباد پی ای سی ایچ ایس کے گھر میں 13 کروڑ روپے سے زائد کی ڈکیتی کے معاملے میں پولیس نے اداکارہ یسرا اور بہن نمرا سمیت 4 ملزمان کو عدالت میں پیش کردیا۔
وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان نے 26 جون کی رات فیروز آباد پی ای سی ایچ ایس میں مدعی کے گھر پر ڈکیتی کی، ملزمان 13 کڑور روپے کیش ، گھڑیاں ، لیپ ٹاپ ، موبائیل فونز سمیت دیگر قیمتی چیزیں لیکر فرار ہوئے تھے۔
وکیل کے مطابق ملزمان میں دو مرد اور تین خواتین شامل تھیں، ایک ڈاکو نے ایف آئی اے کا یونیفارم پہنا ہوا تھا جس پر لوگو بھی چسپاں ہوا تھا، ملزمان ریو گاڑی میں سوار تھے۔
مزید پڑھیں:کراچی میں 13 کروڑ روپے کی ڈکیتی میں ٹک ٹاکر بہن بھائی ملوث نکلے: پولیس
عدالت نے ملزمان کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا اور آئندہ سماعت پر مقدمہ کا چالان طلب کرلیا۔ واضح رہے کہ پولیس کی جانب سے انکشاف کیا گیا تھا کہ ڈکیتی میں ملوث گرفتار ملزمان معروف ٹک ٹاکر بہن بھائی ہیں، ملزمان نے جعلی ایف آئی اے اہلکار بن کر 13 کروڑ روپے، قیمتی موبائل فونز، گھڑیاں، پرفیوم اور دیگر اشیاء لوٹی تھیں۔