وفاقی وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی نے حج 2026 کے لئے رجسٹریشن کا آغازکر دیا ۔ وزارت مذہبی امور کے مطابق عازمین حج کی رجسٹریشن 9 جولائی تک جاری رہے گی۔ عازمین حج کو رجسٹریشن کے لیے کوئی فیس ادا نہیں کرنی ہوگی۔
خواہشمند افراد ملک بھر میں 15 نامز د بینکوں یا آن لائن لنک
http://applyonline.hajjinfo.org
پر اپنی رجسٹریشن کرا سکتے ہیں ۔
وزارت مذہبی امورکے مطابق حج 2026 کے لیے قبل از وقت سرکاری اور نجی دونوں اسکیموں کیلئے عازمین حج کی رجسٹریشن کرانا لازمی ہے۔ اس کے علاوہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو بھی لازمی رجسٹریشن کرانا ہوگی ۔
رجسٹریشن کروانے والے درخواست گزار ہی حج 2026 کے اہل تصور ہوں گے، حج رجسٹریشن کے بعد عازمین سرکاری یا نجی حج اسکیم منتخب کر سکیں گے۔
وزارت مذہبی امور کا کہنا ہےکہ رواں برس پرائیویٹ اسکیم سے رہ جانے والے عازمین کے لیے بھی رجسٹریشن لازمی ہوگی۔ حج 2026 کے اخراجات اور دیگر شرائط و ضوابط حج پالیسی کے مطابق الگ سے جاری کیے جائیں گے۔
وزارت مذہبی امور کے مطابق حج رجسٹریشن سعودی عرب کی ہدایت پر کی جا رہی ہے، حج رجسٹریشن کے اعداد و شمار سے سعودی حکومت کو آگاہ کیا جائے گا، رجسٹریشن کی بنیاد پر سعودی حکومت حج کوٹا مقرر کرے گی۔