کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن نے مالی سال 2025-26 کے لیے 55 ارب 28 کروڑ روپے کا بجٹ منظور کر لیا ہے۔ سٹی کونسل کے اجلاس میں میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے تمام اراکین کو یقین دہانی کرائی کہ تمام یونین کونسلز کو بلاتفریق اسکیمیں دی جائیں گی۔
اجلاس کے دوران میئر کراچی نے کے فور واٹر پروجیکٹ کی توسیع کے لیے مختص رقم کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس ہفتے سے کام کا آغاز کر دیا جائے گا۔ انہوں نے شہر کو روزانہ 260 ملین گیلن پانی فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
اپوزیشن لیڈر سیف الدین ایڈووکیٹ نے کونسل میں تقریر کرتے ہوئے کہا کہ “اگر دلائل کی بنیاد پر بات ہو تو اسے تسلیم کیا جانا چاہیے۔ ہم دیکھ رہے ہیں کہ کچھ اراکین کے ساتھ امتیازی سلوک برتا جا رہا ہے۔” انہوں نے کہا کہ بیشتر ترقیاتی اسکیموں پر عملی کام نہیں ہوا ہے۔
مزید پڑھیں؛بلدیہ عظمیٰ کراچی کا55 ارب28 کروڑ روپے کا بجٹ پیش
پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر کرم اللہ وقاصی نے کہا کہ “پچھلے میئر کے دور میں اراکین کو کچھ نہیں دیا گیا، لیکن اس بار ہم نے تمام یونین کونسل چیئرمین کی تجاویز کو بجٹ میں شامل کیا ہے۔” انہوں نے اپوزیشن سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اجتماعی کوششوں سے ہی شہر کی ترقی ممکن ہے۔
بجٹ میں شہر کی بنیادی سہولیات کی بہتری، پانی کی فراہمی اور ترقیاتی منصوبوں کو خصوصی اہمیت دی گئی ہے۔ میئر کراچی نے زور دیا کہ اس بار تمام اراکین کی تجاویز پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔