بھارتی ریاست راجھستان کے شہر ادے پور میں فرانس سے آئی خاتون کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنادیا گیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق 30 سالہ فرانسیسی خاتون جو ایک اشتہار کی شوٹنگ کے لیے بھارت کے شہر ادے پور میں موجود تھی اسے ایونٹ مینجمنٹ فرم کے ایک رکن نے پیر کی رات مبینہ ور پر زیادتی کا نشانہ بنایا۔
بھارتی پولیس نے بتایا کہ اشتہار کی شوٹنگ کا انتظام خاتون کی 2 دوستوں نے کیا جو کہ سیاح بھی ہیں اور ایونٹ مینجمنٹ فرم کی ارکان بھی۔ پولیس نے مزید بتایا کہ خاتون ایونٹ مینجمنٹ فرم کی ارکان کے ساتھ اتوار کی شام ادے پور کے علاقے بڈگاؤں کے ایک ریسٹورنٹ میں گئی جہاں سب نے ایک ساتھ کھانا کھایا۔
پولیس نے بتایا کہ ریسٹورنٹ سے واپسی پر ایونٹ مینجمنٹ فرم کا رکن سدھارتھ المعروف پشپا خاتون کو شہر گھمانے کا لالچ دے کر اپنے ہوٹل کے کمرے میں لے گیا اور اس کے ساتھ زیادتی کی۔
پولیس نے بتایا کہ خاتون کا طبی معائنہ کروایا گیا ہے اور ایف آئی آر بھی درج کر لی گئی ہے پولیس نے مزید کہا کہ ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ پولیس نے یہ بھی بتایا کہ فرانسیسی سفارت خانے کو بھی اس واقعے کے بارے میں آگاہ کر دیا گیا ہے۔