جاپان میں نیا فلائینگ اسکوٹر لانچ کردیا گیا جس نے ٹرانسپورٹیشن کی دنیا میں ہلچل مچادی ہے۔ اب نہ پبلک ٹرانسپورٹ میں دھکے کھانے کی ضرورت ہو گی اور نہ ہی ٹریفک میں پھنسنے کی جھنجھٹ جب دل چاہا اڑتے ہوئے ایک مقام سے دوسرے مقام تک پہنچ گئے ۔
چینی کمپنی کی جانب سے متعارف کرائے جانے والے اس اسکوٹر کی تعارفی قیمت 2 ہزار 999 ڈالر یعنی پاکستانی روپے میں تقریبا 8 لاکھ 40 ہزار روپے ہے ۔ یہ الیکٹرک اسکوٹر صرف سفری سہولت میں ہی نہیں بلکہ فضائی آلودگی میں کمی کے لئے بھی گیم چینجر ثابت ہو سکتا ہے ۔
جدید ٹیکنالوجی سے لیس یہ اسکوٹر 60 میل فی گھنٹے کی رفتار سے اڑسکتا ہے اور ایک چارج میں 30 میل دور تک جانے کی صلاحیت رکھتا ہے ۔ کمپنی کے مطابق اس اسکوٹر کو عام صارف کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈیزائن کیا گیا ہے ۔ اسکوٹر کے یوزر فرنڈلی انٹر فیس اور خود کار اسٹیبلائیزر کے باعث ایک عام آدمی بھی اسے باآسانی استعمال کر سکتا ہے ۔ اسکے استعمال میں انتہائی ہلکا لیکن روز مرہ کے مسائل کو برداشت کرنے والا میٹیریل استعمال کیا گیا ہے ۔
اس فلائینگ اسکوٹر کی سب سے خاص بات اسکا عمودی ٹیک آف اور لینڈنگ فیچر ہے ۔ جو اسکے کسی بھی کھلے اور تنگ جگہ سے باآسانی پرواز اور اترنے کو یقینی بناتا ہے۔ ماہرین اسے گنجان آباد اور ٹریفک کی بھیڑ والے علاقوں کے لئےبہترین قرار دے رہے ہیں ۔ لیکن اسکا استعمال شاید فوری ممکن نہیں بلکہ اسکے لئے باقائدہ قانون سازی کی ضرورت پڑے گی تاکہ صارفین کا فضا میں سفر محفوظ ہو سکے۔