کراچی کا آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم مرطوب اور مطلع جزوی ابر آلود رہنےکا امکان ہے۔ محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں کبھی کبھار تیز ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔ کراچی میں زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 39 سے 41 ڈگری تک رہنے کا امکان ہے جبکہ کم سے کم درجۂ حرارت 29.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق شہر کی ہوا میں نمی کا تناسب 75 فیصد ہے جبکہ شمال مغرب سے ہوائیں 10 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔ دوسری جانب محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب جبکہ بالائی /وسطی اضلاع میں دن کے اوقات میں شدید گر م رہے گا۔
مزید پڑھیں:کراچی میں پیر اور منگل کو بارش کا امکان
محکمہ موسمیات کے مطابق بدھ کے روز ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا، جبکہ میدانی علاقوں میں دن کے اوقات کے دوران شدید گرمی پڑنے کا امکان ہے۔ تاہم کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں بعض مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بھی ملک کے بیشتر حصوں میں موسم گرم اور خشک رہا، جبکہ جنوب مشرقی سندھ، شمال مشرقی بلوچستان، کشمیر، بالائی خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان کے چند علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش ریکارڈ کی گئی۔