کراچی میں آج بھی دن کا آغاز شدید گرمی سے ہوا ہے تاہم گزشتہ روز کی طرح شہر میں آج بھی چند مقامات پر آندھی اور بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں پری مون سون سسٹم کے اثرات نظرآنا شروع ہوچکے ہیں۔ شہر میں آج دن کاآغاز شدید گرمی سے ہوا ہے اور شہرمیں آج پارہ 37 سے 39 ڈگری تک رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج ہوا میں نمی کا تناسب 73 فیصد ہے۔ ہوا میں نمی زیادہ ہونے کے باعث گرمی کی شدت 42 سے 44 ڈگری سینٹی گریڈ تک محسوس ہوسکتی ہے۔
مذیدپڑھیں: پاکستان میں مون سون کی پیشگوئی 2025 – شدید بارشیں، سیلاب الرٹ، گلیشیئر پگھلنے کا امکان
کون کونسے علاقوں میں بارش ہوسکتی ہے؟
کراچی میں گزشتہ روز کی طرح آج بھی دوپہر کے بعد شہر کے مضافات میں بارش برسانے والے بادلوں کی تشکیل متوقع ہے۔ بارش کے امکانات شہر قائد کے مختلف حصوں، خصوصاً شمالی اور وسطی علاقوں میں ہیں۔ ان علاقوں میں گلشن معمار، سرجانی ٹاؤن، سپرہائی وے وغیرہ شامل ہیں۔
ممکنہ طور پر ان علاقوں میں ہلکی بارش یا بوندا باندی ہوسکتی ہے۔ عض علاقوں میں تیز ہوائیں اور آندھی کی صورتحال بھی پیدا ہو سکتی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق موسمی ماہرین کا کہنا ہے کہ بارش کا یہ نظام فی الوقت غیر منظم ہے۔ تاہم مقامی اثرات کی بنیاد پر مختصر مدت کی بارش اور آندھی کا امکان رد نہیں کیا جا سکتا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی میں مون سون سسٹم کی انٹری ہوئی ہے۔ جس کے بعد مختلف علاقوں میں ہلکی و تیز بارش سے موسم خوشگوار ہوا۔ سرجانی ٹاؤن، کاٹھور، سپر ہائی وے، بلدیہ ٹاؤن سمیت مختلف علاقوں میں مون سون سسٹم داخل ہوا۔ جس کے باعث شام ہی سے بادل چھانے لگے تھے جب کہ ٹھنڈی ہواؤں کا سلسلہ بھی شروع ہوگیا تھا۔ جس کے بعد گرج چمک کے ساتھ بارش بھی ہوئی۔