حکومت نے بٹ کوائن مائننگ اور اے آئی ڈیٹا سینٹرز کو بجلی فراہم کرنے کے لیے پہلے مرحلے میں 2 ہزار میگاواٹ بجلی مختص کرنے کا اعلان کردیا وزارت خزانہ کے مطابق منصوبے کا مقصد اضافی بجلی کو منافع بخش بنانا، ہائی ٹیک ملازمتیں پیدا کرنا، اربوں ڈالر کی غیر ملکی سرمایہ کاری کو متوجہ کرنا اور حکومتی آمدن میں نمایاں اضافہ کرنا ہے۔
منصوبہ پاکستان کرپٹو کونسل کےتحت عمل میں لایا جا رہا ہے جو حال ہی میں حکومت نے کرپٹو کرنسی کو قانونی حیثیت دینے کا فیصلہ کرنے کے بعد قائم کیا گیا ہے ، وزارت خزانہ کی سرپرستی میں قائم کونسل کے قیام کا مقصد ملک میں بین الاقوامی سرمایہ کاری کو راغب کرنااور ملکی مالی نظام میں بلاک چین ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل اثاثوں کو ضم اور منظم کرنا ہے۔
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کےمطابق بجلی کی اس تقسیم سے پاکستان کے ڈیجیٹل انقلاب کے سفر میں ایک نیا سنگ میل قائم ہوا ہے، جس کے ذریعے اضافی توانائی کو سرمایہ کاری اور بین الاقوامی آمدن میں تبدیل کیا جا رہا ہے۔ بٹ کوائن مائننگ اور اے آئی ڈیٹا سینٹرز جو کہ بھاری اور مستقل بجلی کی کھپت کے لیے جانے جاتے ہیں، اس اضافی بجلی کے بہترین صارف بن سکتے ہیں۔
وزارت خزانہ کے مطابق پاکستان جغرافیائی اور معاشی لحاظ سے منفرد مقام رکھتا ہے تاکہ وہ ڈیٹا سینٹرز کے لیے عالمی مرکز بن سکے، ایشیا، یورپ اور مشرق وسطیٰ کے درمیان ایک ڈیجیٹل پل کے طور پر پاکستان دنیا میں ڈیجیٹل انفرااسٹرکچر اور ڈیٹا فلو کے لیے ایک انتہائی اسٹریٹجک لوکیشن پیش کرتا ہے۔
وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ پاکستان کی استعمال نہ ہونے والی بجلی کو اب ایک قیمتی ڈیجیٹل اثاثے میں بدلا جا رہا ہے، یہ اقدام خاص طور پر ان بجلی گھروں کی غیر استعمال شدہ توانائی کو استعمال میں لا کرپاکستان کو ایک مالی بوجھ سے نجات دلا کر ایک مستحکم، آمدنی پیدا کرنے والے موقع میں بدل دے گا، جو اپنی صلاحیت سے کم کارکردگی پر چل رہے ہیں۔
عالمی تناظر میں مصنوعی ذہانت کے ڈیٹا سینٹرز کی طلب 100 گیگاواٹ سے تجاوز کر چکی ہے، جب کہ عالمی فراہمی صرف 15 گیگاواٹ ہے، یہ فرق پاکستان جیسے ممالک کے لیے، جو اضافی توانائی اور زمین رکھتے ہیں، ایک نایاب موقع فراہم کرتا ہے۔
بیان کے مطابق متعدد بین الاقوامی کمپنیاں پہلے ہی پاکستان آ چکی ہیں اور اس اعلان کے بعد مزید عالمی ادارے آئندہ ہفتوں میں یہاں کے دورے کریں گے۔بیان میں مزید کہا گیا کہ 25 کروڑ سے زائد آبادی اور چار کروڑ سے زیادہ کرپٹو صارفین کے ساتھ پاکستان ڈیجیٹل سروسز میں علاقائی قیادت کا بھرپور پوٹینشل رکھتا ہے۔
کرپٹو کرنسی ایک آن لائن ڈیجیٹل کرنسی ہے۔کرپٹوکرنسی کو بنانے کے لیے کمپیوٹر کے ذریعے کچھ مشکل فارمولے حل کیے جاتے ہیں جن کو حل کرنے پر صارف کو کرنسی ملتی ہے۔کرپٹوکرنسی بنانے کے پورے عمل کو کرپٹو مائننگ کہا جاتا ہے ۔