ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ کے بعد پڑوسی ملک میں پھنسے 450 پاکستانی زائرین کا انخلا مکمل کر لیا گیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر پیغام دیتے ہوئے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ موجودہ علاقائی صورتحال کے پیش نظر، حکومت پاکستان پاکستانی شہریوں کی فلاح و بہبود اور حفاظت کے لیے ضروری اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران سے 450 پاکستانی زائرین کا انخلا گزشتہ روز مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ ایران میں مقیم پاکستانی طلباء کے محفوظ انخلا کے لیے بھی انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ پہلے مرحلے میں 154 طلباء کو نکالا جائے گا۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ عراق میں پاکستانی زائرین، جو فضائی حدود کی بندش کے باعث پھنسے ہوئے ہیں، ایران میں ہمارا سفارت خانہ ان سے مسلسل رابطے میں ہے۔ ان کی محفوظ رہائش اور ممکنہ انخلا کے لیے اقدامات جاری ہیں۔
مزید پڑھیں:ایران اسرائیل جنگ، 6 ممالک کی فضائی حدود بند ہونے سے بھارت کی مشکلات میں اضافہ
نائب وزیراعظم نے کہا کہ دفتر خارجہ میں کرائسز مینجمنٹ یونٹ (CMU) 24 گھنٹے فعال ہے۔
رابطہ کی تفصیلات درج ذیل ہیں:
فون نمبر: 9207887-51 92+
ای میل: cmu1@mofa.gov.p
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے بتایا کہ خطے میں موجود ہمارے سفارت خانے پاکستانی شہریوں اور زائرین کی مدد اور انخلا کے لیے تمام ضروری اقدامات کی مکمل نگرانی کر رہے ہیں۔