Karachi
Current weather
Humidity-
Wind direction-

ایران اسرائیل کشیدگی کا تیسرا روز، دونوں ممالک کے ایک دوسرے پر میزائلوں سے حملے

Iran Israel War
  • لائیو بلاگ

ایران نے رات گئے اسرائیل پر 100 بیلسٹک اور ہائپر سونک میزائلوں سے نیا جوابی حملہ کیا۔ جن میں حیفہ کے معاشی مراکز بھی نشانہ ہیں۔

حیفہ میں ایرانی میزائل سے عمارت کو نقصان پہنچا، حیفہ میں ڈرون حملے سے ریفائنریز میں آگ لگ گئی۔ شمالی اسرائیل میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔ ایرانی ٹی وی کے مطابق اسرائیل پر ہائبرڈ ڈرون میزائل بھی داغے گئے ہیں۔

اسرائیلی ہوم فرنٹ کمانڈ کے حیفہ، کرایوت اور گلیلی مغربی علاقے میں سائرن بج اٹھے۔ اس سے پہلے ایران نے دعویٰ کیا تھا کہ اس نے ایک گھنٹے میں اسرائیل کے دس طیارے بھی مار گرائے ہیں تاہم اسرائیلی حکام نے اس کی تصدیق یا تردید نہیں کی۔

ایران کی مہر نیوز ایجنسی کے مطابق خاتم الانبیا ایئر ڈیفنس بیس کے کمانڈر نے کہا کہ ایران کے مختلف مقامات پر ایک گھنٹے کے دوران اسرائیل کے دس فوجی طیارے گرائے گئے ہیں۔

یہ واضح نہیں کیا گیا کہ طیاروں کی اقسام کیا تھیں۔ اس سے پہلے ایران نے دعویٰ کیا تھا کہ اس نے اسرائیل کے تین ایف تھرٹی فائیو طیارے مار گرائے ہیں اور ایک خاتون پائلٹ کو حراست میں لے لیا ہے تاہم اسرائیل نے اس کی تردید کی تھی۔

اسرائیلی فوجی ترجمان کا کہنا ہےکہ تہران پر دو گھنٹے تک ستر طیاروں نے پروازیں کیں اور چالیس اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔ یہ ایران کے اندر اب تک کی سب سے بڑی کارروائی قرار دی گئی ہے۔

اسرائیل کے ایران کیخلاف حملے:

رات گئے اسرائیل کی جانب سے ایران کیخلاف جارحانہ حملے جاری رہے۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق تازہ حملوں میں تہران میں اہم ایرانی شخصیت پر ڈرون سے قاتلانہ حملہ کیا گیا ہے۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق حکومت کی جانب سے فوری طور پر حملے کی تفصیل سامنے نہیں آسکی جبکہ اسرائیلی فوجی ترجمان کا کہنا ہے کہ نہیں بتانا چاہتے کہ آیت اللّٰہ خامنہ اِی ہمارا نشانہ ہیں۔

اسرائیلی وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ ان کے تازہ حملوں سے تہران جل رہا ہے۔ دوسری جانب غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیل نے تہران اور بندر عباس سمیت کئی ایرانی شہروں کو کروز میزائلوں سے نشانہ بنایا ہے جس کے بعد ایرانی دفاعی نظام حرکت میں آگیا۔

قبل ازیں اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کا کہنا تھا کہ آیت اللّٰہ کی حکومت ہر جگہ نشانہ ہوگی اور ایران پر حملے جاری رکھے جائیں گے۔ رپورٹ کے مطابق ہفتے کو اسرائیل نے تہران کی 14 منزلہ رہائشی عمارت پر حملہ کرکے 20 بچوں سمیت 60 ایرانی شہید کر دیے۔

Share this news
  • او آئی سی کی اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت، تہران سے غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار

    اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے اسرائیلی اقدامات کو علاقائی استحکام کے لیے سنگین قرار دیا ہے۔ او آئی سی کے سیکریٹری جنرل حسین ابراہیم طحہٰ نے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے۔

     

    حسین ابراہیم طحہٰ اور عباس عراقچی نے ایران پر اسرائیلی فوجی حملوں اور اس سے پیدا صورتِ حال پر بات چیت کی۔ او آئی سی کے اعلامیے کے مطابق اسرائیل کے ان اقدامات سے علاقائی استحکام پر سنگین اثرات مرتب ہوں گے۔

     

    اعلامیے کے مطابق او آئی سی کے سیکریٹری جنرل نے ایران پر اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کی اور تہران سے غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کیا۔

     

     

    8:22 pm
  • ایران اسرائیل جنگ، متعدد ممالک کی فضائی حدود بند،غیرملکی ایئرلائنز نے پاکستانی فضائی حدود کا استعمال شروع کردیا

    ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ کے باعث مختلف غیرملکی ایئرلائنز نے پاکستانی فضائی حدود کا استعمال شروع کردیا ہے۔

     

    میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ کی وجہ سے مختلف ممالک کی فضائی حدود کی بندش کے باعث مختلف غیرملکی ایئرلائنز نے اپنے مختلف سیکٹرز کیلئے پاکستانی فضائی حدود کا استعمال شروع کردیا ہے۔

     

    ایمریٹس سمیت کئی بڑی ایئرلائنز شمالی امریکا،مصر اور دیگر ممالک کیلئے پاکستانی فضائی حدود استعمال کر رہی ہیں۔ ایئرلائنز مغربی پاکستان سےگزر کر مغرب میں افغانستان،ترکمانستان، بحیرہ کیسپین، آذربائیجان اور ترکی کے بعد آگے جا رہی ہیں۔

     

    خیال ر ہے کہ جنگ کے باعث ایران، عراق، شام، اردن اور اسرائیل کی فضائی حدود بدستور بند ہیں۔

    8:17 pm
  • پاکستان اور بھارت کی طرح ایران اور اسرائیل کے درمیان بھی ہم جلد معاہدہ کروائیں گے: ڈونلڈ ٹرمپ

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران اور اسرائیل کو معاہدہ کرنا چاہیے دونوں ملکوں کے درمیان ہم جلد امن کرائیں گے۔

     

    انہوں نے کہا کہ ایران اور اسرائیل کے درمیان جلد امن ہوگا بہت ساری ملاقاتیں اور فون کال ہو رہی ہیں ایران اور اسرائیل کو معاہدہ کرنا چاہیے دونوں ملکوں کے درمیان ہم جلد معاہدہ کرائیں گے جیسے میں نے پاکستان اور بھارت کے درمیان معاہدہ کروایا تھا۔

    ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ پاکستان بھارت معاہدے میں امریکہ کے ساتھ تجارت کی دلیل استعمال کی بات چیت میں دلیل اتحاد اور ہوش مندی کو استعمال کیا، انہوں نے کہا کہ میں نے دو بہترین رہنماؤں سے بات کی جو فوری فیصلہ کر سکتے تھے اور سب کچھ رک گیا۔

     

     

    7:20 pm
  • اسرائیل کی تہران اور شیراز میں ایرانی فوجی تنصیبات پر تازہ بمباری

    ایرانی دارالحکومت تہران سے اسرائیلی فضائیہ کے وسیع پیمانے پر حملوں کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔

    ٓٓ

    شیراز میں ایرانی فوجی تنصیبات پر بھی حملوں کی اطلاعات ملی ہیں۔ ٹائمز آف اسرائیل کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج (آئی ڈی ایف) کا کہنا ہے کہ ایران کے جوہری پروگرام اور فوجی صنعتوں کے خلاف حملے جاری ہیں۔

     

    اس سے قبل اسرائیل نے ایران پر حملے جاری رکھنے، تہران کو بیروت بنانے کی دھمکی دیتے ہوئے تہران میں جوہری تنصیبات کے ارد گرد رہنے والے شہریوں کو علاقے سے انخلا کی وارننگ دی، جب کہ ایران نے خبردار کیا کہ مزید حملے کی صورت میں ایران کا ردعمل تباہ کن ہوگا۔

    5:43 pm
  • ایرانی حملوں میں پائپ لائنز اور تیل کی ترسیلی لائنوں کو نقصان پہنچا ہے، اسرائیلی آئل ریفائنریز کمپنی

    اسرائیل آئل ریفائنریز کمپنی نے تسلیم کیا ہے کہ ایرانی میزائل حملوں کے نتیجے میں حیفہ میں واقع پائپ لائنز اور تیل کی ترسیلی لائنوں کو نقصان پہنچا ہے۔

    خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق اسرائیل کی آئل ریفائنریز کمپنی کا کہنا ہے کہ ایرانی میزائل حملوں کے نتیجے میں حیفہ میں واقع پائپ لائنز اور تیل کی ترسیلی لائنوں کو نقصان پہنچا ہے۔

    اسرائیلی کمپنی کا کہنا ہے کہ ایرانی میزائل حملوں کے باوجود ریفائننگ کی بنیادی سہولت بدستور کام کر رہی ہیں، تاہم بعض ڈاؤن اسٹریم آپریشنز کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے۔

    5:15 pm
  • ایران کا موساد کے 2 ایجنٹ اور اسرائیل کا 2 ایرانی جاسوس گرفتار کرنے کا دعویٰ

    ایران نے کہا ہے کہ اس نے 2 افراد کو گرفتار کیا ہے جن پر الزام ہے کہ وہ اسرائیلی انٹیلی جنس ایجنسی ’موساد‘ کے ارکان ہیں جبکہ اسرائیل نے بھی ایران کے لیے جاسوسی کے الزام میں 2 افراد کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

     

    برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق ایران کے نیم سرکاری خبر رساں ادارے تسنیم نیوز نے رپورٹ کیا ہے کہ موساد کے ارکان کی گرفتاریاں صوبہ البرز میں عمل میں آئی، جہاں یہ افراد دھماکا خیز مواد اور الیکٹرانک آلات تیار کر رہے تھے۔

     

    ترک خبر رساں ادارے ’انادولو‘ کے مطابق اسرائیلی اخبار یدیعوت احرونوت نے اتوار کو رپورٹ کیا ہے کہ اسرائیلی حکام نے 2 شہریوں کو ایران کے لیے جاسوسی کے شبہے میں گرفتار کیا ہے۔

     

    رپورٹ کے مطابق اسرائیل کی داخلی انٹیلیجنس ایجنسی ’شین بیٹ‘ اور پولیس نے ہفتے کے روز دونوں مشتبہ افراد کے خلاف ایران کی ہدایات پر جاسوسی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے الزام میں تحقیقات شروع کی ہیں۔

     

    5:00 pm
  • ایران کو اپنے دفاع کا حق حاصل ہے، پاکستان ایران کے ساتھ کھڑا ہے: وزیراعظم

     

     

    اسرئیل اور ایران کے درمیان حالیہ جنگ کے بعد پاکستانی وزیراعظم شہبازشریف اور ایرانی صدر مسعود پیزشکیان کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا۔

     

    وزیراعظم شہبازشریف نے ایران پر اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت کی اور کہا کہ پاکستان اسرائیل کی بلااشتعال جارحیت پر ایران کے ساتھ کھڑا ہے، پاکستان حکومت ایران اور برادر عوام کے ساتھ کھڑی ہے، شہبازشریف نے عالمی برادری اور اقوام متحدہ پر فوری اقدامات پرزور دیا۔

     

    وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ اسرائیلی حملے خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی ہیں، اسرائیلی حملے یواین چارٹر، عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ایران ک ویواین آرٹیکل 51 کے تحت اپنے دفاع کا حق حاصل ہے، وزیراعظم کا قیمتی جانوں کے ضیاع پر صدر مسعود پیزشکیان سے دلی تعزیت کا بھی اظہار کیا۔

    3:26 pm
  • ایران اور اسرائیل میں ڈیل کرا سکتے ہیں، گزشتہ رات ایران پر حملے سے امریکا کا کوئی تعلق نہیں: ڈونلڈ ٹرمپ

     

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ہم ایران اور اسرائیل میں آسانی سے ڈیل کرا سکتے ہیں، تنازع ختم کرا سکتے ہیں۔ ایک بیان میں امریکی صدر نے ایران پر حملوں میں ملوث ہونے کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ رات ایران پر حملے سے امریکا کا کوئی تعلق نہیں تھا۔

     

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ہم پر ایران کی طرف سے کوئی بھی حملہ ہوا تو امریکی فوج پوری طاقت سے جواب دے گی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ امریکی فوج ایسا جواب دے گی جو پہلے کبھی نہیں دیکھا گیا ہو گا۔

    3:10 pm
  • اسرئیل نے ایران کے خلاف جنگ میں امریکا سے مدد طلب کرلی

    اسرئیل نے ایران کے خلاف جنگ میں امریکا سے مدد مانگ لی ہے تاہم ٹرمپ انتظامیہ نے اس حوالے سے کوئی مثبت جواب نہیں دیا۔

     

    امریکی ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق 2 اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ اسرائیل نے امریکا سے کہا ہے کہ وہ ایران کیخلاف جنگ اور جوہری پروگرام کو ختم کرنے ​​میں اسرائیل کے ساتھ شامل ہو جائے، لیکن ٹرمپ انتظامیہ نے اب تک خود کواسرائیلی کارروائی سے دور رکھا ہے۔

     

    امریکی ویب سائٹ کے مطابق ایک اسرائیلی عہدیدار نے دعویٰ کیا ہے کہ صدر ٹرمپ نے اسرائیلی وزیراعظم کیساتھ گفتگو میں ضرورت پڑنے پر ایران کیخلاف کارروائی میں شامل ہونے کا عندیہ دیا ہے تاہم وائٹ ہاؤس کے ایک عہدیدار نے اس کی تردید کی ہے۔

     

    ایک دوسرے امریکی عہدیدار نے تصدیق کی کہ اسرائیل نے امریکا سے جنگ میں شامل ہونے کی اپیل کی ہے لیکن فی الحال ٹرمپ انتظامیہ اس پر غور نہیں کر رہی۔

    1:40 pm
  • ایران کے جوہری پروگرام پر دیرینہ خدشات رکھتے ہیں، اسرائیل کے دفاع کے حق کو تسلیم کرتے ہیں: برطانیہ

    برطانوی وزیراعظم سَر کیئر اسٹارمر نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی بات فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون، جرمن چانسلر فریڈرش مرز، اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو اور امریکی صدر سے بھی ہو چکی ہے۔

     

    برطانوی وزیراعظم نے کہا کہ ہم ایران کے جوہری پروگرام پر دیرینہ خدشات رکھتے ہیں اور اسرائیل کے دفاع کے حق کو تسلیم کرتے ہیں لیکن صورتحال کو فوری طور پر قابو میں لانا ضروری ہے۔ خطے میں کشیدگی مزید بڑھنے کا خطرہ ہے، جس کے اثرات عالمی معیشت اور تیل کی قیمتوں پر بھی پڑ رہے ہیں۔

     

    اسٹارمر نے کہا کہ ہفتے کے روز برطانوی وزیرِخارجہ ڈیوڈ لیمی نے ایرانی وزیرِخارجہ عباس عراقچی سے بھی بات کی، جس میں کشیدگی کم کرنے کی اپیل کی گئی۔

    1:00 pm
  • اگر اسرائیل حملے بند کردے تو ایران بھی جوابی کارروائیاں روک دے گا

    ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ اگر اسرائیل ایران پر حملے بند کرے تو ایران بھی جوابی کارروائیاں روک دے گا۔

     

    تہران میں سفارتکاروں سے گفتگو میں عباس عراقچی نے کہا کہ ایران صرف دفاع کر رہا ہے اور کشیدگی کو ہمسایہ ممالک تک پھیلانا نہیں چاہتا، جب تک مجبور نہ کیا جائے۔ انہوں نے نطنز جوہری تنصیب پر حملے میں امریکی کردار پر شکوک کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امریکی انکار پر یقین کرنا مشکل ہے۔

    12:00 pm
  • اسرائیلی حکومت ایران سے تنازعہ بڑھانا چاہتی ہے تاکہ امریکا جنگ میں شامل ہو: سعودی ولی عہد

     

    سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا ہے کہ اسرائیلی حکومت ایران سے تنازعہ بڑھانا چاہتی ہے تاکہ امریکا کو بھی اس جنگ میں شامل کیا جائے۔

     

    ایران کے سرکاری میڈیا کے مطابق سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے ایران کے صدر مسعود پزشکیان سے ٹیلے فون پر بات کی۔ سعودی ولی عہد نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ ایران دانش مندانہ اقدامات کرے گا اور تل ابیب کے اہداف کو ناکام بنادے گا۔

     

    ایرانی ٹی وی کے مطابق ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا ہے کہ آج پوری اسلامی دنیا ایران کی سپورٹ میں متحد ہے۔ اس موقع پر صدر پزشکیان نے کہا کہ عہدہ سنبھالنے کے بعد سے انہوں نے خطے میں امن، سلامتی اور استحکام کی کوششیں کی تھیں مگر جب وہ ہدف حاصل کرنے کے قریب پہنچتے تو اسرائیل ان کوششوں کو ثبوتاز کرتا رہا۔

     

    صدر پزشکیان نے توقع ظاہر کی کہ سعودی عرب اور ایران مل کر خطے کو پرامن بنائیں گے۔

    10:00 am
  • ایران نے این پی ٹی سے دستبردار ہونے کی دھمکی دے دی

     

    ایران نے مغربی ممالک کو خبردار کیا ہے کہ اگر بے بنیاد الزامات کا سلسلہ جاری رہا تو وہ این پی ٹی سے الگ ہوجائے گا۔

    اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب سعید ایراوانی نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں خط جمع کرایا ہے جس میں واضح کیا گیا ہے کہ برطانیہ، فرانس اور جرمنی بے بنیاد الزامات لگارہے ہیں۔

    خط کے مطابق اگر یہ تینوں ممالک ایران پر پابندیاں بحال کرنے کی کوششوں میں مصروف رہے تو ایران ایٹمی عدم پھیلاؤ کے معاہدے این پی ٹی سے دستبردار ہوجائے گا۔ خط میں کہا گیا ہے کہ مغربی اقدامات کا متناسب جواب دیا جائے گا اور آرٹیکل دس کے تحت این پی ٹی سے علیحدگی اختیار کرنے کا عمل شروع کردیا جائے گا۔

     

     

    7:00 am
Follow Times of Karachi on Google News and explore your favorite content more quickly!
Leave a Reply
Related Posts
Close Button