Karachi
Current weather
Humidity-
Wind direction-

سندھ بجٹ 2025-26،سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 10 فیصد اور پنشن 7 فیصد میں اضافہ تجویز

Saleries increase

حکومت سندھ نے مالی سال 2025-26ء کے لیے بجٹ تیار کر لیا ہے، جسے وزیراعلیٰ سندھ جمعہ کو صوبائی اسمبلی میں پیش کریں گے۔ نئے مالی سال کے لیے مجموعی ترقیاتی بجٹ 1018 ارب روپے مقرر کیا گیا ہے، جس میں صوبائی ترقیاتی بجٹ 520 ارب روپے اور ضلعی ترقیاتی بجٹ 55 ارب روپے شامل ہیں۔

بجٹ دستاویزات کے مطابق، سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 10 فیصد اور پنشن میں 7 فیصد اضافے کی تجویز بھی بجٹ کا حصہ ہے۔ ذرائع کے مطابق غیر ملکی فنڈز کی مد میں 366 ارب روپے حاصل کیے جائیں گے، جب کہ وفاقی سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت 76 ارب روپے صوبے کو فراہم کیے جائیں گے۔ غیر ترقیاتی اخراجات کے لیے 2 کھرب روپے مختص کیے گئے ہیں۔

حکومت سندھ نے مجموعی طور پر 3856 ترقیاتی منصوبوں کے لیے 401 ارب روپے مختص تجویز ہیں، جن میں 3290 نامکمل منصوبوں پر 331 ارب روپے اور 566 نئے منصوبوں پر 119 ارب روپے خرچ کیے جائیں گے۔ رواں مالی سال کے منصوبوں کی رقم منتقل کیے جانے کے بعد سالانہ ترقیاتی پروگرام کا حجم 1264 ارب روپے تک پہنچ جائے گا، جبکہ پچھلے مالی سال میں ترقیاتی بجٹ 1165 ارب روپے تھا۔ اس دوران 1350 منصوبوں کے لیے سو فیصد فنڈز جاری کیے جائیں گے۔

غیر ملکی فنڈنگ کے تحت 27 منصوبوں کے لیے 366 ارب روپے تجویز ہیں، جن میں سے 44 ارب روپے حکومت سندھ کا اپنا شیئر ہوگا۔ اسی طرح 10 منصوبوں کے لیے وفاقی حکومت 76 ارب روپے بطور میچنگ گرانٹ فراہم کرے گی۔

مختلف شعبوں کے لیے مختص بجٹ میں تعلیم کے لیے 102 ارب روپے، صحت کے لیے 45 ارب روپے، اور آبپاشی کے لیے 83 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔ بلدیاتی امور پر 132 ارب روپے، ورکس اینڈ سروسز پر 143 ارب روپے، اور انرجی کے شعبے پر 36 ارب روپے خرچ کیے جائیں گے۔ زراعت و لائیواسٹاک کے لیے 22 ارب، ٹرانسپورٹ کے لیے 59 ارب، اور پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے لیے 24 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ ثقافت، سیاحت، کھیل اور امورِ نوجوانان کے لیے 6 ارب روپے بجٹ میں تجویز ہے۔

Share this news

Follow Times of Karachi on Google News and explore your favorite content more quickly!
Leave a Reply
Related Posts
Close Button