ائر انڈیا کا بد قسمت طیارہ بھارتی ریاست گجرات کے شہر احمد آباد کے ائر پورٹ سے پرواز کرنے کے فورا بعد آبادی پر گر کر تیاہ ہو گیا ۔ طیارے میں عملے کے 12 ارکان سمیت 242 افراد سوار تھے۔ حادثے میں حادثاتی طور پر ایک مسافر محفوظ رہا جبکہ دیگر تمام افراد موت کے منہ میں چلے گئے ۔
بھارتی میڈیا کے مطابق حادثےکا شکار طیارے میں 169 بھارتی شہری، 53 برطانوی، ایک کینیڈین اور 7 پرتگالی شہریوں سمیت 11 بچے بھی موجود تھے۔ گجرات کے سابق وزیراعلیٰ روپانی بھی تباہ ہونے والے طیارے میں سوار تھے۔
امریکا 2025
امریکہ میں 29 جنوری 2025 کو ایک امریکن ایئرلائنز کا علاقائی مسافر طیارہ امریکی فوج کے بلیک ہاک ہیلی کاپٹر سے ٹکرا کر تباہ ہو گیا۔ حادثے میں 60 سے زائد افراد ہلاک ہو گئے۔
جنوبی کوریا 2024
دسمبر 2024 میں جنوبی کوریا میں جیجو ایئر کی بین الاقوامی پرواز موان ائر پورٹ پر گر کر تباہ ہو گئی تھی، حادثے میں تمام 175 مسافر اور عملے کے چھ میں سے چار افراد ہلاک ہو گئے تھے۔
قازقستان 2024
آزربائیجان ائر لائن کا مسافر طیارہ 25 دسمبر 2024 کو روس سے قازقستان جاتے ہوئے گر کر تباہ ہو گیا تھا ، جس میں 38 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ آذربائیجان حکومت کے مطابق طیارے کو روس میں زمین سے حادثاتی طور پر گولی مار کر نقصان پہنچا یا گیا ۔
جاپان 2024
سال 2024 میں ہی 2 جنوری کو جاپان ایئر لائنز کا طیارہ ٹوکیو کے ہنیدا ہوائی اڈے کے رن وے پر کوسٹ گارڈ کے ایک چھوٹے طیارے سے ٹکرا گیا۔ طیارہ جل کر تباہ ہو گیا تاہم طیارے میں سوار تمام 379 افرادمحفوظ رہے ۔چھوٹے طیارے کے عملے کے چھ میں سے پانچ ہلاک ہو گئے۔
چین 2022
چائنا ایسٹرن ایئر لائنز کا ایک بوئنگ طیارہ 21 مارچ 2022 کو جنوب مغربی گوانگسی کے علاقے میں ایک پہاڑی علاقے میں گر کر تباہ ہو گیا ۔ حادثے میں تمام 132 افراد ہلاک ہو گئے تھے،
پاکستان 2020
پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کا ایک مسافر طیارہ، 22 مئی 2020 کو کراچی کے علاقے ماڈل کالونی میں جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب لینڈنگ سے کچھ دیر قبل گر کر تباہ ہو گیا۔ طیارے میں 91 مسافر اور عملے کے 8 ارکان سوار تھے جن میں 97 افراد جاں بحق ہوگئے۔ حادثےمیں دو افراد معجزاتی طور پر محفوظ رہے۔ پرواز لاہور سے کراچی آرہی تھی ۔
ایران 2020
سال 2020 میں 8 جنوری کوایران کے پاسداران انقلاب نے یوکرین انٹرنیشنل ایئرلائنز کے بوئنگ طیارے کو تہران ایئرپورٹ سے اڑان بھرنے کے فوراً بعد مار گرایا، جس میں سوار تمام 176 افراد ہلاک ہوگئے تھے ۔ایران سول ایوی ایشن نے اسے فضائی دفاعی آپریٹر کی غلطی قرار دیا تھا ۔