حکومت نے انفلوئنسر ثنا یوسف کے قتل کیس کا چالان بنانے اور پولیس کی مدد کے لیے 2 رکنی پراسیکیوشن ٹیم مقرر کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پراسیکیوشن کی 2 رکنی ٹیم میں ڈپٹی ڈسٹرکٹ پراسیکیوٹر عدنان علی اور راجہ نوید کیانی شامل ہیں، ٹیم کیس کی تحقیقات میں تفتیشی افسر کی معاونت کرے گی۔
ثنا یوسف کے قتل کیس کے چالان کی تیاری کی بھی اسکروٹنی کی جائے گی، پراسیکیوٹرز کی ٹیم کی تعیناتی کا مقصد کیس کے چالان کو مضبوط بنانا ہے، تاکہ ملزم کو ٹرائل کورٹ سے سخت سے سخت سزا دلوائی جاسکے۔
مزید پڑھیں:ثناء یوسف کا قتل ہم سب کیلیے باعثِ شرم ہونا چاہیے، آصفہ بھٹو
یاد رہے کہ عیدالاضحیٰ سے قبل 2 جون کو اسلام آباد میں 17 سالہ سوشل میڈیا انفلوئنسر ثنا یوسف کو ان کے گھر میں گولی مار کر قتل کردیا گیا تھا، پولیس نے نامعلوم ملزم کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کیا تھا۔
مقدمہ مقتولہ کی والدہ فرزانہ یوسف کی مدعیت میں سمبل پولیس اسٹیشن میں پاکستان پینل کوڈ (پی پی سی) کی دفعہ 302 (ارادی قتل) کے تحت درج کیا گیا تھا۔