Karachi
Current weather
Humidity-
Wind direction-

نارتھ ناظم آباد میں مائیکرو فنانس بینک میں ڈکیتی کی واردات

Microfinance bank

کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد فائیو اسٹار چورنگی کے قریب واقع مائیکرو فنانس بینک کے دفتر میں ڈکیتی کی ایک بڑی واردات پیش آئی ہے، جس میں دفتر کا سیکیورٹی گارڈ بھی ملوث نکلا۔

ایس ایس پی سینٹرل ذیشان شفیق صدیقی کے مطابق نارتھ ناظم آباد پولیس نے واردات میں ملوث گارڈ امان اللہ کو گرفتار کر لیا ہے، جس نے ابتدائی تفتیش میں انکشاف کیا کہ اس نے اپنے 10 سے 12 ساتھیوں کو رات گئے دفتر کا گیٹ کھول کر اندر داخل ہونے میں مدد دی۔

ملزمان سفید کرولا اور ایک نیلے رنگ کے رکشے میں واردات کی نیت سے آئے، اور ساتھ کٹنگ ویلڈر بھی لائے تاکہ دفتر کے لاکر کاٹ کر نقدی یا دیگر قیمتی اشیاء نکالی جا سکیں۔

مزید پڑھیں؛پولیس کی ملیر میں کارروائی، اغوا برائے تاوان میں ملوث 5 پولیس اہلکار گرفتار

پولیس کے مطابق اسپیشل انویسٹیگیشن یونٹ اور کرائم سین یونٹ نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کر لیے ہیں۔ واردات کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے ایس پی گلبرگ ڈویژن اور ایس ڈی پی او نارتھ ناظم آباد بھی جائے واردات پر موجود رہے۔

ایس ایس پی سینٹرل کا کہنا ہے کہ ملزمان کی نشاندہی ہو چکی ہے اور انہیں جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ڈسٹرکٹ سینٹرل پولیس کی جانب سے تمام بینکوں کو پہلے سے سیکیورٹی ایڈوائزری جاری کی گئی تھی، جس میں فینکا مائیکرو فنانس بینک بھی شامل تھا۔

پولیس اس واقعے کو بینک سیکیورٹی کی ناکامی اور اندرونی افراد کی ملی بھگت قرار دے رہی ہے، جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔

Share this news

Follow Times of Karachi on Google News and explore your favorite content more quickly!
Leave a Reply
Related Posts
Close Button