کراچی میں ملیر جیل سے قیدیوں کے فرار ہونے کے بعد عہدہ سنبھالنے والے نئے آئی جی جیل خانہ جات فدا حسین مستوئی نے ملیر ڈسٹرکٹ جیل لانڈھی کا دورہ کیا ہے۔
آئی جی جیل خانہ جات نے جائے واردات کا معائنہ کیا، اس موقع پر ڈی آئی جی اسلم ملک بھی ہمراہ تھے۔ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جیل شہاب صدیقی نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ جیل سے بھاگے 139 قیدی واپس آچکے ہیں جبکہ زلزلے کے دوران ملیر جیل سے بھاگے 76 قیدیوں کی تلاش جاری ہے۔
مزید پڑھیں:ملیر جیل سے فرار مزید 3 قیدی گرفتار، 122 ابھی بھی مفرور
نئے آئی جی جیل خانہ جات نے سیکیورٹی انتظامات مزید سخت کرنے کی ہدایت دی۔ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ جیل میں سیکیورٹی انتظامات کی مضبوطی کے لیے دن رات کام جاری ہے۔ جیل کی چار دیواری اور عمارتیں مضبوط ہیں، سیکیورٹی کے خدشات نہیں۔
انہوں نے بتایا کہ دروازوں اور کنڈوں کو ڈبل کیا جارہا ہے، عملے کی تعیناتی پر بھی توجہ ہے۔ جیل مینول کے مطابق سیکیورٹی انتظامات مکمل ہیں۔