سندھ حکومت نے اسکول جانے والی 9 سے 14 سال کی لڑکیوں کے لیے ہیومن پیپیلوما وائرس HPV ویکسینیشن مہم کا اعلان کردیا ہے۔
ترجمان سندھ حکومت کے مطابق ستمبر 2025 میں سندھ کے تمام اضلاع میںHPV ویکسینیشن مہم کا آغاز کیا جائے گا۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ سروائیکل کینسر سے بچاؤ کے لیے یہ ویکسینیشن 90 فیصد تک مؤثر ہے۔
ترجمان سندھ حکومت نے کہا ہے کہ صحت اور بہبود آبادی کے محکمہ کے تعاون سے مہم چلائی جائے گی، اسکولوں میں زیر تعلیم اور غیر تعلیم یافتہ، دونوں طرح کی 9 سے 14 سال کی تمام لڑکیاں ویکسینیشن کی اہل ہوں گی۔
ضلعی تعلیمی افسران (پرائمری، ایلیم، سیکنڈری) کو اس مہم کا فوکل پرسن نامزد کیا گیا ہے۔ حکومت سندھ نے اسکول انتظامیہ سے محکمہ صحت کی وزٹنگ ٹیم کے ساتھ تعاون کی اپیل بھی کی ہے۔