پاک بحریہ نے پاکستان کی تمام بڑی بندرگاہوں پر غیر روایتی خطرات سے نمٹنے پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے دو روزہ مشقوں کا کامیابی سے انعقاد کیا۔
ان مشقوں کا بنیادی مقصد اہم بحرى تنصيات کے تحفظ کے لئے طریقہ کار اور حربی حکمت عملی کو جانچنا اور موثر بنانا تھا۔ ان مشقوں میں پاک بحریہ کی مختلف یونٹس بشمول پاک میرینز، ایس ایس جی (این)، بحری اور فضائی اثاثہ جات نے مربوط كاروائیوں میں حصہ لیا۔
مشق میں مختلف غیر روایتی خطرات اور حملوں کی صورت میں شرکت کرنے والی فورسز کے درمیان باہمی رابطے اور فوری ردعمل کی صلاحیتوں کو مزید بہتر بنانے پر توجہ دی گئی۔
مزید پڑھیں؛ سمندری سرحدوں کی محافظ , پاکستان نیوی ایک چار جہتی فورس
مشقوں کے دوران کمانڈر کوسٹ رئیر ایڈمرل فیصل امین نے مختلف بندر گاہوں کا دورہ کیا اور مشق کے مختلف مراحل کا مشاہدہ کیا۔ انہوں نے حصہ لینے والی یونٹس کی پیشہ ورانہ مہارت اور باہمی ہم آہنگی کو سراہا۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ ملکی بندر گاہوں اور بحری تنصیبات کا تحفظ نہ صرف قومی سلامتی بلکہ اقتصادی ترقی کے لئے بھی بے حد ضروری ہے۔
یہ مشقیں اس امر کی عکاس ہیں کہ پاک بحریہ ہر قسم کے خطرات سے نمٹنے کے لئے ہمہ وقت تیار ہے اور ملکی سمندری سرحدوں کے دفاع کے لئے اپنی صلاحیتوں میں بتدریج جدت لا رہی ہے۔