Karachi
Current weather
Humidity-
Wind direction-

سندھ میں طالبات کے لیے سالانہ وظائف کی منظوری میں تاخیر

scholarships in sindh

حکومت سندھ نے تعلیمی سال 2024-2025ء کے دوران صوبے بھر کی لاکھوں طالبات کو سالانہ فی کس 3,500 روپے کے حساب سے تقریباً ایک ارب روپے کے وظائف فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے، تاہم اس منصوبے کی منظوری میں تاخیر کے باعث ہزاروں طالبات کے وظائف سے محروم ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔ وظائف کی فراہمی کے لیے لازمی شرط ہے کہ اسکول سندھ ایجوکیشن مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم (SEMIS) سے منسلک ہوں۔ ان اسکولوں میں زیرِ تعلیم طالبات کا اندراج متعلقہ اسکول خود کرتا ہے۔

وظیفے کا مقصد

وظائف کی یہ اسکیم بنیادی طور پر تعلیمی میدان میں صنفی فرق کو کم کرنے اور لڑکیوں کی تعلیم کے فروغ کو یقینی بنانے کے لیے شروع کی گئی ہے۔ مشاہدے میں آیا ہے کہ پانچویں اور آٹھویں جماعت کے بعد بچیوں کی بڑی تعداد تعلیم کو خیرباد کہہ دیتی ہے۔ اس رجحان کو روکنے اور مستحق طالبات کی حوصلہ افزائی کے لیے چھٹی، نویں اور دسویں جماعت کی طالبات کو سالانہ 3,500 روپے وظیفہ دیا جاتا ہے۔

اہلیت کے اصول

حالیہ نوٹیفکیشن کے مطابق تعلیمی سال 2024-2025ء کے پہلے چھ ماہ (اگست تا دسمبر 2024ء) کے دوران طالبات کی کم از کم 60 فیصد حاضری ہونا ضروری ہے تاکہ وہ اس وظیفے کی اہل قرار پائیں۔ یہ رقم ان ہی مہینوں کے لیے ادا کی جائے گی۔

طالبات کی تعداد

ذرائع کے مطابق، اس وقت SEMIS سے منسلک اسکولوں میں چھٹی جماعت کی طالبات کی تعداد 1,10,385، نویں جماعت میں 93,876 اور دسویں جماعت میں 87,209 ہے۔ اس حساب سے مستفید ہونے والی طالبات کی مجموعی تعداد تقریباً 2,80,000 بنتی ہے۔

اسکولوں اور اساتذہ کا اعداد و شمار

سندھ ایجوکیشن مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم (SEMIS) سے منسلک اسکولوں کی کل تعداد 41,109 ہے، جن میں سے 35,775 اسکول عمارتوں والے ہیں جبکہ 5,334 اسکول بغیر شیلٹر کے کام کر رہے ہیں۔ ان اسکولوں میں مجموعی طور پر 54,86,770 طلبہ و طالبات زیر تعلیم ہیں۔ اساتذہ کی مجموعی تعداد 1,52,932 ہے، جن میں 49,583 مرد اور 1,03,351 خواتین اساتذہ شامل ہیں۔

تاخیر کا اثر

محکمہ تعلیم سندھ کے ذرائع کے مطابق، وظائف کی رقم تعلیمی سال کے آغاز پر ادا کی جانی چاہیے تھی۔ تاخیر کی وجہ سے طالبات بالخصوص دسویں جماعت کی وہ طالبات جنہوں نے میٹرک مکمل کر لیا ہے، اس سہولت سے محروم رہنے کا خطرہ لاحق ہے۔

Share this news

Follow Times of Karachi on Google News and explore your favorite content more quickly!
Leave a Reply
Related Posts
Close Button