کراچی میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ اور قیمتوں کے حوالے سے کے الیکٹرک کا بیان سامنے آیا ہے۔
ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ جن فیڈرز پر بجلی بلوں کی پوری ادائیگی کی جاتی ہے، وہاں پوری بجلی فراہم کی جاتی ہے، شہر میں کے-الیکٹرک کے نیٹورک کا 70 فیصد لوڈ شیڈنگ سے مستثنیٰ ہے۔
کے الیکٹرک ترجمان کے مطابق بجلی صارفین کا ٹیرف پورے پاکستان میں یکساں ہے، جو حکومت پاکستان اور ریگولیٹری اتھارٹی کا دائرہ اختیار ہے، کراچی کے صارفین وہی قیمت ادا کرتے ہیں جو پاکستان کے دیگر حصوں میں ادا کی جاتی ہے۔ انہوں نے کاہ کہ مفت بجلی کی فراہمی ممکن نہیں ہے۔
مزید پڑھیں:کراچی میں پانی کے بحران کی وجہ کے الیکٹرک ہے، واٹر کارپوریشن
ترجمان کے الیکٹرک نے یہ بھی کہا کہ کراچی کی کمرشل مارکیٹیں جو 70فیصد لوڈشیڈنگ فری فیڈرز پر ہیں، وہاں بجلی سپلائی میں کوئی تعطل نہیں آتا، موبائل مارکیٹ، الیکٹرانک مارکیٹ، ایمپریس روڈ، لکی اسٹار، بولٹن مارکیٹ، لائٹ ہاؤس، ایم اے جناح روڈ، عبداللہ ہارون روڈ، زینب مارکیٹ لوڈشیڈنگ فری ہیں، صدر بازار، بوہری بازار اور داؤد پوتہ روڈ، طارق روڈ، کھارادر، میٹھا در، ویسٹ وارف اور دیگر کمرشل مراکز میں بھی لوڈ شیڈنگ صفر ہے،
ترجمان کے الیکٹرک کا مزید کہنا تھا کہ بقیہ 30 فیصد کے-الیکٹرک نیٹورک پر بجلی چوری اور بلوں کی عدم ادائیگی کے تناسب سے لوڈشیڈنگ کا اعلانیہ شیڈول نافذ ہے، جو کمپنی ویب سائٹ پر موجود ہے۔