بلوچستان کے ضلع سوراب میں دہشت گردوں نے بینک کو لوٹ لیا اور مختلف سرکاری افسران کے گھر جلادیے، دفاع کرتے ہوئے اے ڈی سی ریونیو شہید ہوگئے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق کے مطابق فتنۃ الہندوستان نے ایک دفعہ پھر عام بلوچوں پر حملہ کیا ہے، فتنۃ الہندوستان کے بیس سے تیس دہشت گرد موٹر سائیکلوں پر سوار ہو کر سوراب شہر کے بازار میں داخل ہوئے، بینک اور مارکیٹوں کو نشانہ بنایا بازار میں عام بلوچ خواتین اور بچوں کر بھی تشدد کیا۔
بلوچ بچوں اور عورتوں کو بچانے کے دوران اپنی جان کی پروا نہ کرتے ہوئے بلیدہ سے تعلق رکھنے والے اور سوراب کے اے ڈی سی آر ہدایت اللہ بلیدی نے جام شہادت نوش کیا جب کہ ایف سی کو آتا دیکھ دہشت گرد فرار ہوگئے۔
ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند نے کہا ہے کہ دہشت گردوں نے سوراب میں بینک اور انتظامی آفیسر کی رہائش گاہ پر بزدلانہ حملہ کیا ہے جس میں ریاستی رٹ کو چیلنج کرنے کی مذموم کوشش کی گئی ہے، سوراب بازار میں بینک لوٹ لیا گیا اور مختلف سرکاری افسران کے گھر جلائے گئے ہیں۔
مزید پڑھیں:خضدار اسکول بس حملہ، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی شدید مذمت
ترجمان بلوچستان حکومت نے کہا ہے کہ حملے کے دوران ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) ہدایت اللہ بلیدی لڑتے ہوئے شہید ہوگئے، وطن کے سپاہی نے جان کا نذرانہ دے کر بہادری کی نئی مثال قائم کی، اے ڈی سی کی رہائش گاہ پر خواتین اور بچے موجود تھے، ہندوستان کی پراکسیز نے ان کے ایماء پر کارروائی کی ہے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ ریاست دشمن عناصر کی ہر کوشش ناکام بنانے کا عزم ہے، علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔
صدرمملکت آصف علی زرداری کی مذمت
صدرمملکت آصف علی زرداری نے سوراب میں دہشتگردوں کےحملےکی شدید مذمت کی ہے،انہوں نےشہید ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سوراب ہدایت اللہ بلیدی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئےلواحقین کیلئےصبرجمیل کی دعا کی ہے۔
انہوں نے کہا بھارتی اسپانسرڈ دہشتگرد ملک میں بدامنی پھیلانا چاہتےہیں، بھارتی پراکسیز کےمذموم عزائم کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے، سیکیورٹی فورسزدہشت گردی کےقلع قمع کیلئےکارروائیاں کررہی ہیں، پوری قوم دہشت گردی کےخلاف متحد ہے، دہشتگردی کےخاتمےتک فتنتہ الہندوستان کیخلاف کاروائیاں جاری رہیں گی۔
وزیراعظم شہباز شریف کا اظہار مذمت
وزیراعظم شہباز شریف نے سوراب بلوچستان میں دہشت گردی کی مذمت کرتے ہوئے شہید ہدایت اللّٰہ بلیدی کو خراج عقیدت پیش کیا، لواحقین سے اظہار ہمدردی اور صبر کی دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں نے معصوم اور نہتے شہریوں بشمول بچوں اور خواتین کو نشانہ بنایا، جن کے خاتمے تک جنگ جاری رکھیں گے۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ افواج پاکستان بھارتی سرپرستی میں دہشت گردی پھیلانے والی پراکسیز کے سدباب کےلیے دن رات مصروف عمل ہیں، پوری قوم افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔