امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ پاکستانی نمائندے آئندہ ہفتے امریکا آرہے ہیں۔ جنوبی ایشیائی ملک ٹیرف سے متعلق معاہدہ کرنا چاہتے ہیں۔ صدر ٹرمپ نے یہ بات جوائنٹ بیس اینڈریوز پر میڈیا کے نمائندوں سے کہی۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ وہ بھارت اور پاکستان دونوں کے ساتھ کام کررہے ہیں۔ امریکا اس وقت بھارت سے ڈیل کرنے کے بہت قریب ہے جبکہ پاکستانی نمائندے آئندہ ہفتے امریکا آرہے ہیں۔
خبرایجنسی کےمطابق پاکستان کو برآمدات پر امریکا کی جانب سے 29 فیصد ٹیرف کا سامنا ہےکیونکہ پاکستان کا تجارتی سرپلس 3ارب ڈالر ہے۔ جبکہ بھارت کو امریکا شپمنٹ پر 26 فیصد ٹیرف کا سامنا ہے۔
اس سے پہلے اوول آفس میں ایلون مسک کی موجودگی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ ہم نے پاکستان اوربھارت کوجنگ سے روکا، صدر ٹرمپ نے کہا کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان کشیدگی جوہری تباہی کا باعث بن سکتی تھی۔
مزید پڑھیں:پاکستان کے لوگ نہایت باصلاحیت اور قیادت بہترین ہے: ڈونلڈ ٹرمپ
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ جنگ بندی پر وہ پاکستان اوربھارت کے رہنماوں کے شکر گزار ہیں۔ تاہم انہوں نے یہ واضح کیا ہےکہ ان لوگوں کے ساتھ تجارت نہیں کرسکتے جوایک دوسرے پرگولیاں برسارہے ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر بھارت اور پاکستان لڑرہے ہوں تو انہیں ان دونوں ممالک سے ٹریڈ معاہدہ کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں۔
دوسری جانب بھارت کے وزیرِ تجارت پیوش گوئل نے بھی حالیہ دنوں واشنگٹن کا دورہ کیا تاکہ امریکا کے ساتھ جاری تجارتی مذاکرات میں پیش رفت کی جا سکے۔ دونوں ممالک رواں سال جولائی تک ایک عبوری معاہدے تک پہنچنے کا ہدف رکھتے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق بھارت امریکی کمپنیوں کو اپنے وفاقی منصوبوں میں 50 ارب ڈالر سے زائد کی شراکت کی اجازت دینے پر غور کر رہا ہے، جو متوقع تجارتی معاہدے کا اہم جزو ہو سکتا ہے۔