کراچی سمیت صوبہ سندھ میں آج بھی موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک جبکہ میدانی علاقوں میں شدید گرم رہنے کی توقع ہے۔ اس کے علاوہ کراچی سمیت صوبہ سندھ کے بیشتر اضلاع میں آج بھی موسم شدید گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر قائد میں زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک جاسکتا ہے، شہر کا موجودہ درجہ حرارت 39 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، شہر میں 15کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چل رہی ہے جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 79 فیصد ہے۔
دوسری جانب ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کی پیشگوئی کر دی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، بالائی خیبرپختونخوا، خطہ پوٹھوہار، شمال مشرقی پنجاب، کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش کا امکان ہے۔
اسلام آباد اور گرد و نواح میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، بعض مقامات پر ژالہ باری اور موسلادھار بارش ہونے کی توقع ہے،اس کے علاوہ راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال اور جہلم میں بارش کا امکان ہے۔
مزید پڑھیں:کراچی میں آج گرمی کی شدت میں مزید اضافے کا امکان
میانوالی، خوشاب، حافظ آباد، گوجرانوالہ، گجرات، منڈی بہاؤالدین، سیالکوٹ، نارووال، شیخوپورہ اور لاہور میں بھی بارش ہونے کی توقع ہے،خطہ پوٹھوہار میں موسلا دھار بارش اور ژالہ باری ہونے کا امکان ہے۔
مانسہرہ، کوہستان، ایبٹ آباد، ہری پور، چترال، دیر، سوات، مالاکنڈ، بونیر، پشاور، صوابی، مردان، کوہاٹ اورکرک میں بارش کا امکان ہے،بالائی خیبرپختونخوا میں بعض مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری ہونے کی بھی توقع ہے۔