پاکستان نے پہلے سرکاری حمایت یافتہ بٹ کوائن ریزرو کا اعلان کر دیا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق اسٹریٹجک بٹ کوائن ریزرو کا اعلان وزیراعظم کے خصوصی معاون برائے بلاک چین اور کرپٹو اور پاکستان کرپٹو کونسل (پی سی سی) کے سی ای او بلال بن ثاقب نے کیا۔
رپورٹ کے مطابق یہ اعلان بٹ کوائن ویگاس 2025 کے دوران کیا گیا، پاکستان کرپٹو کونسل (پی سی سی) کے سی ای او بلال بن ثاقب نے ڈونلڈ ٹرمپ کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا، بلال بن ثاقب نے ڈونلڈ ٹرمپ کا حالیہ بھارت-پاکستان کشیدگی میں امن قائم کرنے اور کرپٹو اپنانے کے لیے امریکی صدر کی خدمات کو سراہا۔
تقریب کے دوران امریکہ کے نائب صدر جے ڈی وینس، ایرک ٹرمپ اور ڈونلڈ ٹرمپ جونئر بھی شامل تھے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق پاکستان میں 40 ملین کرپٹو والٹس موجود ہیں اور یہ دنیا کی سب سے بڑی اور سب سے زیادہ فعال فری لانس معیشتوں میں سے ایک ہے۔
تقریب سے خطاب میں بلال بن ثاقب نے ایک قومی بٹ کوائن والٹ کے قیام کا بھی اعلان کیا۔ رپورٹ کے مطابق قومی بٹ کوائن والٹ ایسے ڈیجیٹل اثاثے رکھے گا جو پہلے ہی ریبٹ کوائناست کی تحویل میں ہیں۔
حکومت نے پہلے مرحلے میں بٹ کوائن مائننگ اور اے آئی ڈیٹا سینٹرز کے لیے 2,000 میگاواٹ زائد بجلی مختص کی ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ بٹ کوائن مائننگ اور اے آئی ڈیٹا سینٹرز خود مختار مائنرز، ٹیک کمپنیوں، اور بین الاقوامی بلاک چین فرمز کے لیے دروازے کھول رہا ہے، پاکستان ڈیجیٹل اثاثہ جات اتھارٹی کے قیام کا بھی اعلان کیا گیا تاکہ بلاک چین پر مبنی مالیاتی ڈھانچے کو ریگولیٹ کیا جا سکے۔
پاکستان کرپٹو کرنسی قومی ذخیرے میں شامل :
میڈیا کے مطابق وزیراعظم کے خصوصی معاون برائے بلاک چین اور کرپٹو اور پاکستان کرپٹو کونسل (پی سی سی) کے سی ای او بلال بن ثاقب نے لاس ویگاس کے اسٹیج سے دنیا کو پیغام دیا کہ ’پاکستان تیار ہے اور آگے بڑھنے کو بے تاب ہے۔
رپورٹ کے مطابق ان کی یہ تقریر ایک اعلان تھی کہ ’پاکستان صرف ماضی کا اسیر نہیں، بلکہ مستقبل کا معمار ہے‘۔ جب دنیا نے شک کیا، پاکستان نے بٹ کوائن کو اسٹریٹیجک ریزرو میں بدل کر یقین پیدا کیا، یہ پہلی بار تھا کہ کسی ترقی پذیر ملک نے کرپٹو کو قومی ذخیرے میں شامل کر کے عالمی برادری کو حیران کر دیا۔
2,000 میگاواٹ بجلی ڈیجیٹل معیشت کے لیے مختص کرنا صرف ایک پالیسی نہیں، بلکہ ایک وژن ہے، پاکستان اب صرف کنزیومر مارکیٹ نہیں، بلکہ عالمی بلاک چین انقلاب کا مرکزی اسٹیشن ہے۔