مشرقی وسطیٰ بحیرہ عرب میں موجود ہوا کے واضح کم دباؤ کا نظام شدت اختیار کرتے ہوئے ڈپریشن میں تبدیل ہوگیا ہے، یہ سسٹم کراچی سے تقریباً ایک ہزار 58 کلو میٹر جنوب مشرق کی جانب موجود ہے، یہ نظام مشرق کی جانب حرکت کرے گا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ہوا کا کم دباؤ مشرق کی جانب حرکت کرتے ہوئے بھارتی ساحل کے قریب کنکن کے علاقے سے دوپہر کے وقت گزرنے کا امکان ہے، فی الحال پاکستان کے کسی ساحلی علاقے کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔
مزید پڑھیں:بحیرہ عرب میں سمندری طوفان بننے کا خدشہ،طوفان کو”شکتی” نام دیا جائے گا
محکمہ موسمیات کے مطابق سسٹم بھارتی ساحل سے گزرنے کے بعد کمزور ہونا شروع ہوجائے گا، اس سسٹم کے سمندری طوفان بننے کا امکان نہیں ہے۔ اس سسٹم کے زیر اثر کراچی سمیت سندھ میں ہیٹ ویو آنے کا خدشہ تھا، اب سسٹم کمزور ہونے کے بعد ہیٹ ویو کا امکان بھی ختم ہوجائے گا، سمندری ہوائیں کراچی میں بحال رہیں گی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز محکمہ موسمیات کے ترجمان انجم نذیر ضیغم نے بتایا تھا کہ بحیرہ عرب میں ہوا کا کم دباؤ تشکیل پاگیا ہے، جو آئندہ 24 گھنٹے میں شدت اختیار کرکے ڈیپ ڈپریشن میں بدل جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ ڈیپ ڈپریشن میں بدلنے کےبعد ہی اس کی سمت کا تعین کیا جاسکے گا، تاحال کراچی میں گرمی کی لہر متوقع نہیں ہے، جیسے ہی سسٹم قریب آئے گا تو ساحلی علاقوں سے سمندری ہوائیں معطل ہوجائیں گی۔