کراچی میں کورونا کے کیسز رپورٹ ہونے لگے ہیں۔ جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے نجی اسپتال کے سانس کی بیماری کے ماہر ڈاکٹر جاوید نے بتایا ہے کہ کراچی کے نجی اسپتال میں گزشتہ ہفتے سے روز کورونا کے 8 سے 10 مثبت کیسز دیکھنے کو مل رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کورونا کے کیسز دنیا بھر میں رپورٹ ہو رہے ہیں، بہت سے مریض ایسے ہیں جن کی ٹریول ہسٹری موجود ہے۔ ڈاکٹر جاوید خان کا کہنا تھا کہ اسپتال آنے والے مریضوں کی حالت بہتر ہے، کورونا کی علامات میں بخار، کھانسی، نزلہ اور جسم درد شامل ہے۔
مزید پڑھیں:کورونا وائرس کی نئی لہر، ایشیائی ممالک میں کیسز بڑھنے لگے
ڈاکٹر جاوید خان کے مطابق اکثر مریضوں کو سانس لینے میں دشواری بھی ہوتی ہے، شہری احتیاطی تدابیر اختیار کریں، ہاتھوں کو اچھی طرح صابن سے دھوئیں، بخار یا کھانسی کی شدت بڑھنے کی صورت میں فوراً ٹیسٹ کروائیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ڈاؤ اسپتال کے حکام نے کہا کہ ڈاؤ اسپتال میں بھی کورونا کی علامات کے ساتھ روز 8 سے 10 مریض آرہے ہیں۔ حکام کا کہنا تھا کہ جناح اور سول اسپتال ایمرجنسی میں سانس کے امراض میں مبتلا یومیہ 50 سے زائد مریض آتے ہیں۔