شہر قائد میں ایک افسوسناک واقعہ سامنے آیا ہے جہاں کالج سے گھر واپس آتی ہوئی ایک طالبہ کو مبینہ طور پر اغوا کرلیا گیا۔ اغوا کا مقدمہ کراچی کے علاقے جوہر آباد تھانے میں درج کیا گیا ہے، جو متاثرہ لڑکی کے بھائی کی مدعیت میں درج ہوا۔
ایف آئی آر کے مطابق، 19 مئی کو طالبہ نے اپنے بھائی کو بتایا کہ اس کا پیپر ہے اور وہ اسے کالج چھوڑ دے۔ بعد ازاں طالبہ کی جانب سے ایک وائس نوٹ موصول ہوا جس میں اس نے کہا کہ آج کالج میں چھٹی ہے اور وہ گھر واپس آرہی ہے۔ تاہم کچھ ہی دیر بعد ایک اور وائس نوٹ آیا جس میں لڑکی نے بتایا کہ اسے چند افراد نے اغوا کرلیا ہے۔
مزید پڑھیں؛ لاہور پولیس نے سندھ کے تاجر کو اغوا کرکے ایک لاکھ روپے بھتہ وصول کرلیا
متاثرہ لڑکی کے بھائی نے مقدمے میں مزید بتایا کہ اغوا کی اطلاع ملنے پر وہ فوراً یونیورسٹی سے نکلا اور بہن کو تلاش کیا، لیکن اس کا کچھ پتا نہ چل سکا۔
پولیس کے مطابق مغوی لڑکی کی تلاش جاری ہے اور تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ پولیس نے یقین دلایا ہے کہ لڑکی کو جلد از جلد بازیاب کرا کر اس کے اہل خانہ کے حوالے کر دیا جائے گا۔