Karachi
Current weather
Humidity-
Wind direction-

لائن کے پانی سے گاڑیاں دھونے پر اب جرمانہ ہو گا

کراچی جیسے بڑے اور گنجان آباد شہر میں پینے کے پانی کی قلت ایک عرصے سے تشویش کا باعث بنی ہوئی ہے۔ عوامی سطح پر اس قیمتی قدرتی وسیلے کا ضیاع ایک المیہ رہا ہے، لیکن اب بلآخر شہری حکومت نے اس سنگین مسئلے کو سنجیدگی سے لیا ہے اور تاخیر سے ہی سہی، ایک قابلِ تعریف قدم اٹھایا ہے۔

کے ایم سی سٹی کونسل نے پانی کے غیر ضروری استعمال، خصوصاً گاڑیاں دھونے کے لیے لائن کے پانی کے استعمال پر پابندی عائد کر دی ہے۔ اب سے سڑکوں، گلیوں اور تجارتی مراکز میں میٹھے پانی سے گاڑیاں دھونے پر 10 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ یہ جرمانے یوسی چیئرمین کی شکایت پر ہوں گے اور حاصل شدہ رقم متعلقہ یوسی میں ہی استعمال کی جائے گی۔

پیپلز پارٹی کے رکن نجمی عالم نے سٹی کونسل کے اجلاس میں بجا طور پر نشاندہی کی کہ شہر کے کئی علاقے، خصوصاً کلفٹن (دو تلوار) اور نارتھ ناظم آباد کی نئی شاہراہیں، صرف اس وجہ سے تباہ ہو چکی ہیں کہ لوگ گھر کے باہر یا سڑکوں پر گاڑیاں دھوتے ہیں، جس سے پانی سڑک پر بہتا رہتا ہے۔ یہ پانی نہ صرف سڑکوں کو نقصان پہنچاتا ہے بلکہ مکھیوں، مچھروں، اور دیگر بیماریوں کے پھیلاؤ کا سبب بھی بنتا ہے۔

ہمارے معاشرے میں افسوسناک حد تک پانی کے استعمال کے حوالے سے شعور کی کمی پائی جاتی ہے۔ اپنے ہی گھروں کے آگے پانی بہا کر نہ صرف اجتماعی نقصان کیا جاتا ہے بلکہ یہ عمل سماجی غفلت کی عکاسی بھی کرتا ہے۔ سٹی کونسل کا یہ فیصلہ شہریوں کو ذمے دار بنانے کی طرف ایک مؤثر قدم ہو سکتا ہے، بشرطیکہ قانون پر سختی سے عملدرآمد ہو۔

یہ قانون سازی اس بات کا ثبوت ہے کہ ہم بطور قوم اگر دیر سے ہی سہی، درست سمت میں سفر کا آغاز کر سکتے ہیں۔ اگر اس فیصلے پر مانیٹرنگ سخت کی گئی، اور عوام کو ساتھ لے کر شعور بیدار کیا گیا، تو یقیناً یہ اقدام ایک مہذب اور صحت مند شہری ماحول کے قیام کی بنیاد رکھے گا۔

Share this news
The views expressed in this article are those of the author and do not necessarily represent the editorial stance of Times of Karachi.
ٹائمز آف کراچی کی ادارتی پالیسی کا اس تحریر کے مندرجات سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔
Share this news

Follow Times of Karachi on Google News and explore your favorite content more quickly!
Leave a Reply
Related Posts
Close Button