کراچی جرائم کے لحاظ سے دنیا کے خطرناک شہروں میں شمار ہونے لگا ۔ حال ہی میں جاری ہونے والے عالمی ادارے نمیبو کے سیفٹی انڈیکس کے مطابق کراچی کرائم لیول میں 66.90 کے اسکور کے ساتھ غیر محفوظ شہر قرار پایا ہے ۔
گو کہ سروے کے مطابق کراچی میں گذشتہ پانچ برسوں میں جرائم کی شرح معتدل رہی اور یہاں گھروں میں نقب زنی اور چوری کے امکانات بھی محدود ہیں لیکن اسٹریٹ کرائم ، گاڑی کی چوری یا چھن جانا، ڈکیتی کے حوالے سے صورت کافی خراب ہے ۔ جبکہ کرپشن اور رشوت کی صورتحال 83.13 کے اسکور کے ساتھ بد ترین ہے ۔
سروے کے مطابق کراچی میں دن کے اوقات میں سڑکوں پر اکیلے پیدل سفر کرنا سو فیصد محفوظ تو نہیں مگر خطرناک بھی نہیں جبکہ رات میں اکیلے پیدل چلنا خطرناک اور غیر محفوظ ثابت ہو سکتا ہے ۔
مگر کراچی میں سب کچھ خراب نہیں ، سیفٹی انڈیکس کے مطابق کراچی شخصی تضحیک، رنگ، نسل، زات پات اور جنس کی بنیاد پر حملوں کے حوالے سے بہتر اور محفوظ شہر ہے ۔
ساتھ ہی اچھی خبر یہ ہے کہ نمیبو کے سیفٹی انڈیکس میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کو 2025 میں دنیا کے محفوظ ترین دارالحکومتوں میں شمار کیا گیا ہے ۔ سیفٹی انڈیکس میں 68.13 کے حفاظتی اسکور کے ساتھ اسلام آباد نے لندن، پیرس اور برلن سمیت دنیا کے کئی بین القوامی شہریوں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے ۔
اسی طرح سیفٹی انڈیکس کے مطابق لاہور کی صورتحال بھی کافی بہتر ہے ۔ لاہور کا سیفٹی انڈیکا 42.69 جبکہ کرائم لیول کا اسکور 29.20 کے ساتھ کافی کم ہے ۔ سروے کے مطابق آپ لاہور میں دن اور رات دونوں اوقات میں بے فکر ہو کر اکیلے پیدل گھوم سکتے ہیں ۔
یہی نہیں بلکہ رپورٹ کے مطابق لاہور میں اسلام آباد اور کراچی کے مقابلے میں کرپشن اور رشوت خوری بھی کم ہے ۔ جبکہ رنگ ، نسل ، ۔مذہب۔ جنس اور زات پات کی بنیاد پر ہونے والےحملے 16.14 کے اسکور کے ساتھ انتہائی کم ہے۔