کراچی سمیت سندھ بھر میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی ہدایت پر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر کریک ڈاؤن جاری ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ کو ٹریفک پولیس کی جانب سے 9 سے 16 مئی 2025ء تک کی پیش رفت رپورٹ پیش کی گئی۔ رپورٹ کے مطابق ہیلٹمٹ نہ ہونے اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر 43852 موٹرسائیکلز ضبط کی گئیں۔
فینسی نمبر پلیٹس اور کالے شیشوں کی 3951 گاڑیوں کے خلاف کارروائی کی گئی، قانون کی خلاف ورزی کرنے پر 685 ہیوی اور لائٹ گاڑیوں کو حراست میں لیا گیا ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ٹریفک قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں پر22 چالان درج کیے گئے۔
ٹریفک پولیس کی جانب سے 25 بڑی اور چھوٹی گاڑیوں کی فٹنس نہ ہونے پر رجسٹریشن منسوخ کرنے کی سفارش کی گئی۔ ٹریفک پولیس نے کہا کہ فٹنس نہ ہونے پر 663 بڑی اور چھوٹی گاڑیوں کی رجسٹریشن عارضی منسوخ کی جائے۔
وزیراعلیٰ سندھ کو چنگچی اور موٹرسائیکل رکشہ چلانے والوں کیخلاف ایک ماہ میں کی گئی کارروائی کی بھی رپورٹ پیش کی گئی۔ رپورٹ کے مطابق ممنوعہ شاہراہ پر چنگچی و موٹر سائیکل رکشہ چلانے، غلط ڈائیونگ اور تیز رفتاری اور دیگر جرائم پر 194 ایف آئی آرز درج کی گئیں، 434 چنگچی اور موٹرسائیکل رکشہ کو تحویل میں لیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق بغیر رجسٹریشن 25 چنگچی اور موٹرسائیکل رکشہ ضبط کئے گئے ہیں، غیرقانونی طور پر ایل پی جی اور سی این جی لگانے پر 377 گاڑیوں کے خلاف کارروائی کی گئی، رپورٹ میں بتایا گیا مجموعی طور پر 12183 فائن ٹکٹس جاری کی گئی ہیں۔
مزید پڑھیں:کراچی میں ٹریفک حادثات کی روک تھام،3391 واٹر ٹینکرز میں جی پی ایس ٹریکر نصب
وزیراعلیٰ سندھ نے آئی جی پولیس کو سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ قانون شکنی پر کوئی رعایت نہیں دی جائے گی۔ مراد علی شاہ نے شہریوں کو پیغام دیا کہ شہری ٹریفک قوانین کا احترام کریں، اپنی اور دوسروں کی زندگی کو محفوظ ٍبنائیں، حادثات سے بچاؤ ممکن ہے، ہیلمٹ کا استعمال ہر صورت یقینی بنائیں۔
مراد علی شاہ نے انتباہ دیا کہ فینسی نمبر پلیٹس اور کالے شیشے استعمال کرنے سے گریز کریں، خلاف ورزی پر قانونی کارروائی ہوگی، ہیوی ٹریفک کے لیے رفتار کی حد 30 کلومیٹر فی گھنٹہ مقرر کی گئی ہے، اس پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے، ڈرائیونگ کے دوران حفاظتی اصولوں کی مکمل پابندی کریں۔