وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں یومِ تشکر کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے دشمن ملک کے چھ جنگی طیارے مار گرائے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پوری تحقیقات کے بعد ذمہ داری سے کہہ رہا ہوں کہ دشمن کے رافیل، مگ اور ڈرون طیارے تباہ کیے گئے ہیں۔
اسلام آباد کے پاکستان مونومنٹ، شکر پڑیاں میں منعقدہ یومِ تشکر کی خصوصی تقریب میں وزیراعظم نے کہا کہ جو دشمن خود کو جنوبی ایشیا کا تھانیدار سمجھتا تھا، اسے منہ توڑ جواب دیا گیا۔
تقریب میں مسلح افواج کی قیادت، وفاقی وزراء، غیر ملکی سفارتکار اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ اب پاکستان کو معاشی ترقی کی طرف بڑھنا ہے اور ہمیں شبانہ روز محنت کرنی ہوگی۔ انہوں نے سیز فائر کے عمل میں کردار ادا کرنے پر سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔
مزید پڑھیں؛ سندھ اسمبلی میں بھارتی جارحیت کی مذمتی قراردار متفقہ طور پر منظور
شہباز شریف نے 1971 کے سانحے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پوری قوم دعا گو تھی کہ اللّٰہ ہماری افواج کو ایسی کامیابی دے کہ دشمن دوبارہ میلی آنکھ سے نہ دیکھے۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ آرمی چیف نے انہیں رات ڈھائی بجے مطلع کیا کہ دشمن کی جانب سے میزائل داغے گئے ہیں، جس کے بعد جواب میں پاکستان نے دشمن کے چھ طیارے تباہ کیے۔
وزیراعظم نے کہا کہ چند گھنٹوں بعد دشمن نے سیز فائر کی درخواست کی، اور اللّٰہ تعالیٰ نے ہمیں سرخرو کیا۔
انہوں نے شہداء کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ دن صدیوں بعد کسی قوم کو نصیب ہوتا ہے۔