کراچی کے علاقے نارتھ کراچی سے 11 روز سے لاپتہ سات سالہ صارم کی لاش مل گئی، ماں لاش دیکھ کر غم سے نڈھال ہوگئی۔ پولیس نے بتایا کہ بچے کی لاش زیرزمین پانی کے ٹینک سے برآمد ہوئی ہے، واٹر ٹینک پر ڈھکن کی جگہ گتہ کا ٹکڑا رکھا ہوا تھا، وال مین نے ٹینک میں لاش دیکھ کر آگاہ کیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ بچہ حادثاتی طور پر ٹینک میں گرا یا کسی نے گرایا تحقیقات کررہے ہیں۔
علاقہ مکین نے بتایا کہ وال مین جب پانی چڑھانے آیا تو اسے یہاں بدبو محسوس ہوئی اور پھر اس نے یونین میں شکایت کی، ہم نے پولیس کو آگاہ کیا، جب ہم نے دیکھا تو بچہ ٹینک میں موجود تھا، بچے کو نکالا تو ایسا نہیں لگ رہا تھا کہ جیسے کسی نے اسے مار کر پھینکا ہے بلکہ وہ باقاعدہ اندر رکھا ہوا تھا۔ علاقہ مکین کا کہنا ہے کہ اس سے قبل ایس ایس پی، سی آئی ڈی اور علاقہ مکینوں نے ایک ایک گھر اور ٹینکوں میں اتر کر دیکھا تھا، بچے کا کوئی نام و نشان موجود نہیں تھا۔
واضح رہے کہ سات سالہ صارم گیارہ روز قبل پراسرار طور پر لاپتہ ہو گیا تھا، پولیس اور اہلخانہ اسکی بازیابی کے لیئے کوششیں کررہے تھے۔