Karachi
Current weather
Humidity-
Wind direction-

کورونا پھیلنے کا خطرہ، عوام عید پر احتیاطی تدابیر پرعمل کریں، محکمہ صحت سندھ

محکمہ صحت سندھ نے عوام پر زور دیا ہے کہ کووڈ کے نئے ویریئنٹ کے پیش نظر حفاظتی اقدامات کے لیے عالمی ادارہ صحت کی جانب سے جاری گائیڈ لائنز پر عمل کریں کیونکہ عیدالفطر کے دوران مرض کے پھیلنے اور عوامی میل جول میں اضافے کا امکان ہے۔

نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 13 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔ ملک بھر میں 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے 1 ہزار 482 ٹیسٹ کیے گئے جبکہ اس موذی مرض کا شکار 11 افراد کی حالت تشویش ناک ہے۔

ملک میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی مجموعی شرح 1 اعشاریہ 47 فیصد ریکارڈ ہوئی ہے۔ این آئی ایچ کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق 24 گھنٹوں میں وائرس سے کوئی موت رپورٹ نہیں ہوئی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق محکمہ صحت سندھ کے پیغام میں کہا گیا ہے کہ اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجر (ایس او پیز) کے مطابق شہریوں کو سماجی فاصلہ رکھنا چاہیے اور شاپنگ مراکز سمیت تمام تمام عوامی اور پرہجوم مقامات پر ماسک پہننا چاہیے۔

محکمہ صحت نے کہا کہ عید کے دوران بڑے پیمانے پر میل جول سے گریز کرنا چاہیے اور ہاتھ مسلسل صابن سے دھوتے رہنا چاہیے۔

شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ اگر نزلہ، کھانسی سے متعلق کوئی علامت محسوس ہو یا سانس لینے میں دشواری ہوتو قریبی سرکاری ہسپتال کا دورہ کریں اور کورونا وائرس کا مفت ٹیسٹ کروائیں۔

محکمہ صحت نے شہریوں پر کووڈ-19 کے خلاف ویکسین لینے کا پر بھی زور دیا۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ جن لوگوں نے ویکسین کی آخری خوراک 6 مہینے یا ایک سال قبل لی تھی، ان کو مشورہ دیا جاتا ہے وہ کسی بھی ضلعی ہیڈکوارٹرز ہسپتال یا ویکسینیشن سینٹرز سے ویکسین کی خوراک حاصل کریں۔

محکمے کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ویکسین کی خوراک سے جان لیوا مرض کے خلاف قوت مدافعت میں اضافہ ہوگا۔ 
محکمہ صحت سندھ نے کہا کہ بڑی عمر کے شہری اور متعدد بیماریوں کے شکار افراد کو خصوصی مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ ایمونائزیشن ٹیموں کو بلا کر گھر میں ہی ٹیکا لگوائیں۔

Share this news

Follow Times of Karachi on Google News and explore your favorite content more quickly!
Leave a Reply
Related Posts
Close Button