سابق پاکستانی کپتان شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ ایشیا کپ میں بھارت اور پاکستان کرکٹ ٹیموں کے درمیان میچ دوستانہ ماحول میں ہونا خوش آئند ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کرکٹ سے ہی بہتر ہوسکتے ہیں۔
شاہد آفریدی نے میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کرکٹ سے سیاست کو الگ تھلگ رکھا جائے، پیار و محبت کا ہی پیغام دیا جائے تو بہتر ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت اور پاکستان کرکٹ ٹیموں کے درمیان میچ دوستانہ ماحول میں ہونا خوش آئند ہے اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کرکٹ سے ہی بہتر ہوسکتے ہیں۔
گوتم گمبھیر کے بیان سے متعلق شاہد آفریدی نے کہا کہ گوتم گمبھیر کی اپنی سوچ ہے، کرکٹرز اپنے ملک کے سفیر ہوتے ہیں، کھلاڑیوں کے مداح دنیا بھر میں ہیں۔ پاکستان اور بھارت میں بھی دونوں ممالک کے کرکٹرز کے مداح موجود ہیں۔ شاہدآفریدی کا کہنا تھا کہ کھیل کے میدان میں جارح پن ضرور ہوتا ہے لیکن گراؤنڈ سے باہر بھی ایک زندگی ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم ایشیا کپ میں بہترین کارکردگی پیش کررہی ہے۔ نیپال اور بھارت کے خلاف غیر معمولی کارکردگی رہی تاہم بیٹنگ اور بولکنگ کے عمدہ امتزاج کو برقرار رکھنا ہوگا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستانی اسپنرز کو کچھ زمہ داری دکھانی ہوگی۔ اسی طرح شاداب اور نواز کو وکٹیں حاصل کرنا ہوں گی۔