پاکستان کے وزیرخزانہ کیلئے محمداورنگزیب کا نام زیرغور ہے اور اب یہ بات سامنے آئی ہے کہ محمداورنگزیب وزیرخزانہ کیلئے ڈچ شہریت اور ماہانہ 3 کروڑ کی تنخواہ چھوڑنے کیلئے تیار ہیں۔
جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق محمداورنگزیب نے ڈچ شہریت چھوڑنے کیلئے کارروائی شروع کردی ہے اپنی دوسری شہریت چھوڑنے کیلئے درخواست دیدی ہے کیونکہ پاکستانی قوانین کے تحت دوہری شخصیت کا حامل کوئی بھی شخص سرکاری عہدہ نہیں رکھ سکتا۔
محمد اورنگزیب حبیب بینک لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹو افسر ہیں۔ 2023 کی ایچ بی ایل کی سالانہ رپورٹ کے مطابق محمد اورنگزیب کو 352 ملین روپے سالانہ تنخواہ اور دیگر مراعات و سہولتیں دی گئیں مطلب انکی ماہانہ تنخواہ 3 کروڑ روپے کے قریب بنتی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنی کابینہ کا اعلان نہیں کیا لیکن جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق محمد اورنگزیب میاں نواز شریف سے ملاقات کرچکے ہیں۔ انہوں نے پیر کو فنانس پر وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں بھی شرکت کی جب کہ اجلاس میں اسحاق ڈار موجود نہیں تھے۔